رسائی کے لنکس

الزبتھ ٹیلر کے زیورات 116 ملین ڈالرز میں نیلام


الزبتھ ٹیلر کے زیورات 116 ملین ڈالرز میں نیلام
الزبتھ ٹیلر کے زیورات 116 ملین ڈالرز میں نیلام

نیویارک میں ہونے والی نیلامی میں اپنے وقت کی مشہور اداکارہ کا موتیوں سے جڑا ایک ہار ایک کروڑ 18 لاکھ ڈلرز میں فروخت ہوا جو موتیوں کے کسی ہار کی اب تک ہونے والی سب سے مہنگی نیلامی ہے

ہالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ الزبتھ ٹیلرکےزیرِاستعمال زیورات 116ملین ڈالرزمیں نیلام ہوگئے ہیں جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

امریکی شہر نیویارک میں ہونے والی نیلامی میں اپنے وقت کی مشہور اداکارہ کا موتیوں سے جڑا ایک ہار ایک کروڑ 18 لاکھ ڈلرز میں فروخت ہوا جو موتیوں کے کسی ہارکی اب تک ہونے والی سب سے مہنگی نیلامی ہے۔

سولہویں صدی کا یہ ہار کئی بادشاہوں اور ملِکات کے زیرِ ستعمال رہ چکا ہے جسے الزبتھ ٹیلر کے دو بار شوہر رہنے والے اداکار رچرڈ برٹن نے ان کے لیے 1969ء میں 37ہزار ڈالرز میں خریدا تھا۔

'کرسٹیز' نامی نیلام گھر کے تحت ہونے والی اس نیلامی میں آنجہانی اداکارہ کے ہار، بندے، کڑے، انگھوٹیاں، جڑائو بند اور زر و جواہر سے بنے 80 کے قریب زیورات رکھے گئے تھے۔

رچرڈ برٹن کی جانب الزبتھ ٹیلر کو تحفے میں دی گئی 19ء33 قیراط کی ہیرے کی انگوٹھی 8ء8 ملین میں فروخت ہوئی جو نیلام گھر کے منتظمین کی جانب سے لگائے گئے اندازوں سے تین گنا زیادہ قیمت ہے۔

نیلامی میں موجود ایک پرستار نے الزبتھ ٹیلر کو ان کے قریبی دوست اور آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی طرف سے تحفے میں ملنے والی ہیرے کی انگوٹھی چھ لاکھ ڈالرز میں خریدی۔

رواں ہفتے ہونے والی ایک دوسرے نیلامی میں الزبتھ ٹیلر کے ملبوسات اور دیگر ذاتی اشیاء فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔ ان نیلامیوں سے حاصل ہونے والی رقم کا کچھ حصہ 'الزبتھ ٹیلر ایڈز فائونڈیشن' کوجائے گا جسے آنجہانی اداکارہ نے 1991ء میں قائم کیا تھا۔

واضح رہے کہ الزبتھ ٹیلرنایاب اور منفرد زیورات اور بنائو سنگھار کی شوقین تھیں۔ 'قلوپطرہ'، ' ہو اِز آفریڈ آف ورجینیا وولف؟'، اور 'کیٹ آن اے ہاٹ ٹِن روف' جیسی شہرہ آفاق فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ٹیلر رواں برس مارچ میں 79 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG