لیبر پارٹی کی کونسلر نادیہ شاہ کو شمالی لندن کے علاقے کیمڈن کا مئیر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ پہلی بنگلہ دیشی نژاد خاتون ہیں، جنھیں برطانیہ میں مئیر کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔
کیمڈن کونسل کی ویب سائٹ کے مطابق کونسلر نادیہ شاہ نے کیمڈن کے مئیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
نادیہ شاہ کیمڈن ٹاون کے علاقے ریجنٹ پارک وارڈ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ جہاں سے وہ دو سال قبل کونسلر منتخب ہوئی تھیں۔ ان سے پہلے ریجنٹ پارک سے ٹیولپ رضوانہ صدیقی کونسلر منتخب ہوئی تھیں جو پچھلے سال لیبر پارٹی کی طرف سے رکن پارلیمان منتخب ہوئی ہیں۔
ان کی تقریری کا باضابطہ اعلان 12مئی کی شام کو ایک خصوصی افتتاحی تقریب میں کیا گیا پچھلے سال کیمڈن کے مئیر کی خدمات 74سالہ لارین ریواح انجام دیتی رہی ہیں۔
کیمڈن بارو کو ایک کثیر الجہتی معاشرے کی زندہ مثال کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا یہاں تارکین وطن کی بہت بڑی تعداد آباد ہے خاص طور پر بنگلہ دیشی اور پاکستانی کمیونٹی کی بہت بڑی تعداد یہاں موجود ہے۔
نادیہ شاہ کیمڈن کے علاقے میں پیدا ہوئی ہیں اور یہیں پلی بڑھی ہیں۔ انھوں نے نوجوانی سے اپنے علاقے کے لیے رضا کارانہ خدمات انجام دینی شروع کردی تھیں۔ وہ اس زمانے طالب علمی سے منشیات کے مسائل اور کمیونٹی سینٹر سے متعلق کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہیں۔
انھوں نے گرین وچ یونیورسٹی س گریجویشن کیا ہے اور نیٹ ویسٹ آف انگلینڈ بنک میں سرمایہ کے مشتہر کی حیثیت سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ انھوں نے اپنے کیرئیر کے دوران وزارت داخلہ اور برطانیہ کی مقامی اور مرکزی حکومتوں کے کئی محکموں میں کام کیا ہے۔
نادیہ شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ'' کیمڈن وہ جگہ ہے جہاں میں پلی بڑھی ہوں جہاں کے اسکولوں سے میں نے تعلیم حاصل کی ہے میں اس علاقے کو بہت اچھی طرح جانتی ہوں میں یہاں کے بازاروں ،تھیٹر پارکس ،نہروں حتی کہ یہاں کے تاریخی مقامات ہر ایک جگہ سے پوری طرح واقف ہوں اسی علاقے سے میں نے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور تمام عمر یہیں کام کیا ہے''۔
انھوں نے کہا کہ مجھے اپنی کام کے دوران مختلف برادریوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے جس سے میں نے عام لوگوں کی روزمرہ زندگی کی مشکلات کو قریب سے دیکھا ہے جس سے ابھرنے کے لیے انھیں ہماری مدد کی ضرورت ہے۔
انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ کیمڈن کے میئر کی حیثیت سے خود کو پرجوش محسوس کررہی ہیں اور کیمڈن کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کررہی ہوں ۔
نادیہ شاہ کے شوہر کیمڈن کونسل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے سربراہ ہیں ۔