رسائی کے لنکس

چین اور کرغزستان میں 7.1 شدت کا زلزلہ، متعدد مکانات تباہ


زلزلہ رات کو دو بجے کے قریب آیا جس کے جھٹکے چین کے پڑوسی ممالک میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلہ رات کو دو بجے کے قریب آیا جس کے جھٹکے چین کے پڑوسی ممالک میں بھی محسوس کیے گئے۔

چین اور کرغزستان کے سرحدی علاقے میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس سے کئی علاقوں میں تباہی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق چین کے صوبے سنکیانگ اور سرحد پار کرغزستان میں پیر اور منگل کی درمیانی شب دو بج کر نو منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

چین کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز سنکیانگ کی ووشی کاؤنٹی میں زمین میں 22 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

ووشی کاؤنٹی کے قریبی علاقے زلزلے سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

زلزلے کے بعد صبح آٹھ بجے تک وقفے وقفے سے آفٹر شاکس علاقے میں محسوس کیے گئے جب کہ چین کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اب تک لگ بھگ 40 آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق زلزلے کے سبب اب تک 120 سے زائد گھروں کے تباہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جب کہ مختلف علاقوں میں چھ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

چین میں استعمال ہونے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ویبو‘ پر صارفین اس زلزلے کے حوالے سے معلومات شیئر کر رہے ہیں۔ متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ زلزلے کے جھٹکے سنکیانگ کے دارالحکومت آرمچی، کاشغر، کورلا، یینگ سمیت دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق چین کے زلزلے سے متاثر علاقوں میں شدید ٹھنڈ ہے اور کئی علاقوں میں سردی منفی 10 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔

’اے پی‘ کے مطابق زلزلے کے فوری بعد آرمچی میں ٹرین سروس معطل کر دی گئی جس کی وجہ سے 23 ٹرینیں منسوخ ہوئیں۔ تاہم صبح سات بجے ٹرین سروس ایک بار پھر بحال کرنے کا اعلان کیا گیا۔

چینی حکام کے مطابق زلزلے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارکن پہنچ رہے ہیں۔

امریکہ کے زلزلہ پیما مرکز ’یو ایس جیولوجیکل سروے‘ کے مطابق چین میں زلزلے کی شدت سات تھی۔ اس خطے میں گزشتہ صدی میں سب سے شدید زلزلہ 1978 میں 7.1 شدت کا آیا تھا۔ البتہ اس کی زمین میں گہرائی 200 کلومیٹر تھی۔

چین کا جو خطہ زلزلے سے متاثر ہوا ہے، وہ دیہی علاقوں پر مشتمل ہے جہاں زیادہ تر ایغور اقلیت آباد ہے۔ چین کی ایغور اقلیت کی اکثریت مسلمان ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا میں سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں نیم فوجی دستے صبح سویرے ٹینٹ لگانے میں مصروف ہیں جب کہ بے گھر ہونے والے افراد کو ان عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارت کے میڈیا نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے نئی دہلی تک محسوس کیے گئے ہیں۔ بھارتی دارالحکومت زلزلے کے مقام سے لگ بھگ ڈیڑھ ہزار کلو میٹر دور ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی چین کے صوبے سنگیانک میں شدید زلزلہ آیا تھا۔ قازقستان کی سرحد کے قریب آنے والے زلزلے کی شدت 6.7 تھی اور اس زلزلے سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں چین کے شمال مغربی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے میں لگ بھگ 148 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دسمبر میں آنے والا زلزلہ چین میں 2014 کے بعد آنے والا ہلاکت خیز زلزلہ تھا۔ قبل ازیں 2014 میں یوان صوبے میں شدید زلزلے کے سبب 600 اموات ہوئی تھیں۔

اس رپورٹ میں خبر رساں اداروں رائٹرز، اے ایف پی اور ایسوسی ایٹڈ پریس سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG