سعودی عرب نے رواں برس حج کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور اس سلسلے میں وزارتِ حج و عمرہ نے جمعے سے مسجد الحرام میں نمازیوں کو اجازت نامے جاری کرنا بند کر دیے ہیں۔
حج کے ارکان کا آغاز 17 جولائی کی رات سے ہو گا اور رواں برس سعودی عرب کے 60 ہزار مقامی شہری حج کا فریضہ ادا کرنے کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
مکہ مکرمہ میں عازمین کی آمد کا سلسلہ ہفتے سے شروع ہو گا۔
سعودی اخبار 'عرب نیوز' کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں نماز پڑھنے کے اجازت نامے کو 24 جولائی سے دوبارہ جاری کیا جائے گا۔
آٹھ ذی الحج یعنی 18 جولائی سے حج کا باقاعدہ آغاز ہو گا اور عازمین حج کی ادائیگی کا آغاز منیٰ پہنچ کر وہاں اپنے خیموں میں قیام کرنے سے کریں گے۔
نو ذی الحج یعنی 19 جولائی کو عازمین میدان عرفات میں پہنچیں گے جہاں وہ حج کے رکن کی ادائیگی کریں گے۔
بعد ازاں 20 جولائی کو عازمین قربانی کا فریضہ سر انجام دیں گے اور حج کا یہ سلسلہ 22 جولائی کو اختتام پذیر ہو گا۔
یاد رہے کہ عالمی وبا کرونا وائرس سے قبل 2019 میں حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے دنیا بھر سے 25 لاکھ کے قریب عازمین مکہ مکرمہ آئے تھے۔
لیکن کرونا وبا کی وجہ سے 2020 کی طرح رواں برس بھی حج کو محدود رکھا گیا ہے اور اس سال 18 سے 65 برس کی عمر کے صرف 60 ہزار مقامی شہری ہی حج کی ادائیگی کریں گے۔
حج کے آپریشنل پلان کے مطابق خانہ کعبہ اور اس کے صحن میں جراثیم کُش اسپرے کرنے کے لیے پانچ ہزار اہل کار تعینات کیے گئے ہیں جو دن میں 10 مرتبہ 60 ہزار لیٹرز سے زائد جراثیم کش محلول کا استعمال کرتے ہوئے اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔
وبا کے دوران مسجد کو وائرس سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جائے گا جس میں اسمارٹ روبوٹس اور دیگر جدید طریقۂ کار شامل ہیں۔
دوسری جانب مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سینئر اسکالرز کی کونسل سے وابستہ 29 اماموں کے 109 سے زائد خطبات 25 زبانوں میں ترجمہ کر کے 'منارات الحرمین' ایپلی کیشن پر نشر کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں رواں برس زائرین کو مصنوعی ذہانت کی تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے اسمارٹ روبوٹس اور ہائی ٹیکنالوجی والی گاڑیوں کے ذریعے آبِ زم زم فراہم کیا جائے گا۔
سعودی وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں جمعرات کو مزید ایک ہزار 165 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کیسز کی کُل تعداد پانچ لاکھ چھ ہزار 125 تک جا پہنچی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں جمعرات کو کرونا سے 15 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہزار 35 ہو گئی ہے۔
اس خبر میں شامل بعض معلومات سعودی اخبار 'عرب نیوز' سے لی گئی ہیں۔