رسائی کے لنکس

ملالہ اقوام متحدہ کی امن کی پیامبر نامزد


ملالہ یوسفزئی (فائل فوٹو)
ملالہ یوسفزئی (فائل فوٹو)

گوئتریس نے کہا کہ "ایک سنگین خطرہ لاحق ہونے کے باوجود ملالہ یوسفزئی نے خواتین، لڑکیوں اور  عام لوگوں کے حقوق کے لئے ایک غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔"

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس نے نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کو اقوام متحدہ کے لئے امن کی پیامبر نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی ادارے نے ایک بیان میں کہا کہ ملالہ دنیا بھر کی توجہ لڑکیوں کو تعلیم فراہم کرنے پر مبذول کروائیں گی۔ انھیں باضابط طور یہ ذمہ داری پیر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں سونپی جائے گی۔

اس موقع پر وہ گوئترس اور دنیا بھر سے آئے ہوئے نوجوانوں کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت بھی کریں گی۔

گوئتریس نے کہا کہ " ایک سنگین خطرہ لاحق ہونے کے باوجود ملالہ یوسفزئی نے خواتین، لڑکیوں اور عام لوگوں کے حقوق کے لئے ایک غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔"

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ "لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ملالہ کی دلیرانہ سرگرمیاں دنیا بھر کے بہت سے افراد کو متاثر کر چکی ہیں ۔۔۔ اور اب وہ اقوام متحدہ کی کم عمر ترین امن کی پیامبر کی حیثیت سے منصفانہ اور پرامن دنیا کے قیام کے لیے مزید کام کرسکیں گی۔"

لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں آواز بلند کرنے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی 2014 میں امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی کم عمر شخصیت بنی تھیں۔

اس مہم میں سرگرم ہونے کی بنا پر پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے سوات میں طالبان عسکریت پسندوں نے 2012 میں انہیں فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔

انہیں علاج کے لئے برطانیہ لے جایا گیا جہاں صحت یابی کے بعد وہ اب وہیں اپنے خاندان کے ہمراہ مقیم رہ کر اپنی تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG