امریکی جریدے ٹائم میگزین نے اپنے خصوصی شمارے 'دنیا کی سو سب سے با اثر شخصیات' کی فہرست میں پاکستان کی وادی سوات کی کم سن طالبہ ملالہ یوسفزئی کا نام بھی شامل کیا ہے۔ ملالہ نہ صرف واحد پاکستانی ہستی ہیں جنھیں اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے بلکہ ایک اور خاص پہلو یہ ہے کہ ٹائمز میگزین نے ملالہ کی تصویر کو سرورق پر جگہ دی ہے۔
ہفت روزہ ٹائم میگزین کی گذشتہ دس برسوں سے یہ روایت رہی ہے کہ 'دنیا کے سو سب سے زیادہ با اثر شخصیات' کےانتخاب پر مبنی ایک سالانہ خصوصی شمارہ شائع کیا جاتا ہے۔ سال 2013 کےخصوصی شمارے کا سرورق سات صفحات پر مشتمل ہے۔
سرورق پر ملالہ یوسفزئی کے علاوہ بھارتی فلمی صنعت کے مشہور اداکار عامر خان، ہالی وڈ کی آسکر ایواڈ یافتہ اداکارہ جینیفر لارنس، امریکی ریپر سونگ کے بادشاہ جے زیڈ امریکی سینیٹر رانڈ پال وغیرہ کی تصاویر شائع کی گئی ہیں۔
سرورق پر ملالہ یوسفزئی کے علاوہ بھارتی فلمی صنعت کے مشہور اداکار عامر خان، ہالی وڈ کی آسکر ایواڈ یافتہ اداکارہ جینیفر لارنس، امریکی ریپر سونگ کے بادشاہ جے زیڈ امریکی سینیٹر رانڈ پال وغیرہ کی تصاویر شائع کی گئی ہیں۔
ٹائم میگزین ہر سال دنیا کی سو بااثر شخصیات کا انتخاب اپنی پسند سے کرتا ہے جنھیں پانچ مختلف درجات کے حوالے سے منتخب کیا جاتا ہے۔ سربراہان کی فہرست میں امریکی صدر باراک اوباما شامل ہیں جبکہ ان کا تعارف ہیلری کنٹن نے لکھا ہے۔
ملالہ کا انتخاب' آئیکون ' کے درجے میں کیا گیا ہے ۔جبکہ اسی درجے میں امریکی خاتون اول مشعل اوباما، برما کی رہنما آنگ سان سوچی اور برطانوی شہزادی کیتھرین میڈیلٹن کا نام بی شامل کیا گیا ہے ۔
میگزین لکھتا ہے کہ 'ملالہ آج وہیں ہے جہاں وہ جانا چاہتی تھی یعنی وہ اسکول جارہی ہے، طالبان جو اسے اپنی دانست میں ختم کر چکے تھے لیکن انہوں نے درحقیقت ملالہ کو دنیا کے لیے ایک مثال بنا دیا۔ ملالہ نے تعلیم کو محروم بچوں تک پہنچانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے جو ایک بڑی جراتمندی کا کام ہے۔ اس طرح وہ ثابت کر رہی ہیں کہ وہ ساری دنیا کی لڑکیوں کی چمپئین ہیں۔'
پندرہ سالہ ملالہ یوسفزئی جنھوں نے لڑکیوں کے لیے تعلیم کا حق مانگا تو ان کی آواز کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دینے کے ارادے سے طالبان نے انھیں اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا۔ لیکن باہمت ملالہ نے اپنی تکلیف سے بھی مقابلہ کیا اور جیت گئی۔ آج وہ برطانیہ میں سکینڈری اسکول کی طالبہ ہے۔ تعلیم کا حصول اگرچہ اب اس کے لیے آسان بن چکا ہے لیکن دنیا میں تعلیم سے محروم بچوں کو ان کا حق دلانے کی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔
ملالہ کے نام پر قائم ہونے والے فنڈ سے پہلی امداد پینتالیس ہزار ڈالر کی رقم سے پاکستان میں غریب بچوں کو مفت تعلیم کی مد میں دی جائے گی جبکہ وہ اپنی یاداشت کو کتابی شکل 'میں ملالہ ہوں' کے عنوان سے لکھ رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کہانی صرف ایک ملالہ کی نہیں ہے یہ دنیا بھر میں تعلیم سے محروم 6 کروڑ سے زائد بچوں کی کہانی ہو گی۔ وہ دنیا کو آگاہ کرنا چاہتی ہیں کہ دنیا میں کچھ بچوں کے لیے تعلیم کا حصول کس قدر مشکل ہوتا ہے۔
ٹائم میگزین کے آن لائن شمارے میں شامل ان سو ہستیوں کو ایک انوکھے طریقے سےخراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں شامل تمام لوگوں کا تعارف لکھنے والی شخصیات دنیا کے لیے جانے پہچانے چہرے ہیں۔ ملالہ کا تعارف سابق امریکی صدر بل کلنٹن کی بیٹی چیلیسیا کلنٹن نے لکھا ہے، جے زیڈ کا تعارف پیش کیا ہے نیویارک کے مئیر مائیکل بلوم برگ نے، ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ جوڈی فوسٹر نے جینیفر لارنس کا تعارف لکھا ہے جبکہ عامر خان کا تعارف ہندی فلمی صنعت کے مشہور موسیقار اے آر رحمان نے پیش کیا ہے ۔