رسائی کے لنکس

ملالہ کا پورٹریٹ نیلامی کے لیے پیش


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیلامی کیلئے پیش کیے جانے والے اس پورٹریٹ میں پاکستانی نوجوان طالبہ ملالہ یوسفزئی کو کتاب پڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے

پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے لیے آواز اٹھانے والی نوجوان طالبہ ملالہ یوسفزئی کا ایک پورٹریٹ برطانیہ میں نیلامی کیلئے پیش کردیا گیا ہے۔

یہ پورٹریٹ لندن کی 'نیشنل پورٹریٹ گیلری' میں نیلامی کیلئے رکھا گیا ہے۔ پورٹریٹ میں ملالہ یوسفزئی کو کتاب پڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

آرٹسٹ جوناتھن کو امید ہے کہ ان کا بنایا ہوا ملالہ کا یہ پورٹریٹ 36 سے 48 ہزار پاونڈ میں نیلام ہوجا ئے گا جس کی ڈالر میں قیمت 60 سے 80 ہزار ڈالر بنتی ہے۔

آرٹسٹ کا کہنا ہے کہ ملالہ کے پورٹریٹ سے حاصل ہونے والی رقم ملالہ کی جانب سے قائم کردہ تعلیمی فنڈ اور لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے مختص کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 2012ء میں پاکستان کے شمالی ضلع سوات میں ملالہ کو تعلیم کیلئے آواز اٹھانے کی پاداش میں شدت پسندوں نے سر میں گولی مارکر زخمی کردیا تھا جس کے بعد وہ اور ان کے اہلِ خانہ برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔

ملالہ کو فروغِ تعلیم کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں بین الاقوامی 'چلڈرن پیس ایوارڈ' سے بھی نوازا گیا ہے جبکہ گزشتہ برس انہیں نوبیل انعام برائے امن کیلئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔
XS
SM
MD
LG