رسائی کے لنکس

برطانیہ: نیشنل پورٹریٹ گیلری میں ملالہ کی پینٹنگ کی نمائش


مصور جوناتھن پیو کہتے ہیں کہ ''میری بنائی ہوئی پینٹنگ ایک ایسی لڑکی کی عکاسی کرے گی جو اگرچہ ہمت وحوصلے کی ایک مثال ہے تو دوسری جانب وہ ایک بہت حساس کم سن لڑکی ہے۔''

برطانوی مصور جوناتھن ییو کی تیارہ کردہ ملالہ یوسفزئی کی پینٹنگ کو پہلی مرتبہ نمائش کے لیے'نشنل پورٹریٹ گیلری 'میں رکھا گیا ہے۔
جوناتھن ییو نے نشنل پورٹریٹ گیلری لندن میں بدھ کے روز اپنی بنائی ہوئی تصاویر کے لیےایک نمائش کا اہتمام کیا جہاں انھوں نے ملالہ یوسفزئی کی پورٹریٹ کے علاوہ کئی نامور ہستیوں ڈیمین ہرسٹ اور کیون اسپیسے کی پینٹنگز کو بھی پہلی بار نمائش کے لیے پیش کیا ہے ۔

اس پورٹریٹ میں ملالہ کو ہوم ورک کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ تصویر کا قد ملالہ کے قد سے کہیں زیادہ بلند ہے۔ جوناتھن ییو نےاس پورٹریٹ کو 'گرل ریڈنگ' کا نام دیا ہے ۔
پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی اسوقت عالمی خبروں کی شہ سرخیوں کا حصہ بنیں جب لڑکیوں کے لیے تعلیم کا حق مانگنے کی پاداش میں انھیں عسکریت پسندوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا تاہم برطانیہ میں طویل علاج ومعالجے کے بعد ملالہ نہ صرف صحتیابی کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں بلکہ آج بھی وادی سوات میں رہنے والی لڑکیوں کے لیے تعلیم کی شمع کو بجھنے سے بچانے کے لیے ایک فلاحی مہم چلا رہی ہے۔
برطانوی اخبار ٹیلیگراف کے مطابق، مصور کی ملالہ سے پہلی ملاقات اپریل 2013 میں ہوئی تھی جب وہ صحتیابی کے مراحل سے گزر رہی تھیں،ییو نے کہا کہ ،ملالہ کے زندگی کے اہم موڑ پر ملالہ اور اس کے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔

جوناتھن ییو کا کہنا تھا کہ ’’مجھے امید ہے کہ میری بنائی ہوئی پینٹنگ ایک ایسی لڑکی کی عکاسی کرے گی جو اگرچہ ہمت وحوصلے کی ایک مثال ہے تو دوسری جانب وہ ایک بہت حساس کم سن لڑکی ہے ۔''
انھوں نے کہا کہ ،''اپنے دور کی پر جوش اور سحر انگیز شخصیت کا پورٹریٹ تیار کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔''
ییو کے مطابق،''قطع نظر اس کے ملالہ نے دنیا کو کیا کچھ دیا وہ اب پوری دنیا کی نمائندگی کر رہی ہے لیکن یہ حقیقت پھر بھی اپنی جگہ ہے کہ وہ ایک کمزور اور کم عمر لڑکی ہے ۔''
انھوں نے بتایا کہ تصویر کونمائش کے بعد نیلام کر دیا جائے گا اور ملنے والی رقم لڑکیوں کی تعلیم کی مہم کے عطیاتی فنڈ' ملالہ فنڈ 'کو عطیہ کی جائے گی۔
ملالہ جنھیں حال ہی میں چلڈرن پیس پرائز دیا گیا ہے کہتی ہیں کہ، '' میرا خیال ہے کہ جوناتھن نے میری حقیقی شبہیہ کی عکاسی کی ہے۔''
انھوں نے کہا کہ نشنل پورٹریٹ گیلری میں جوناتھن کی بنائی ہوئی پورٹریٹ کی نمائش میرے لیے ایک بڑے اعزاز کی بات ہے.
XS
SM
MD
LG