ملائیشیا کی حکمران جماعت باریسن نیشنل "بی این" نے دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس کامیابی کی وجہ سے بدعنوانی کے الزامات کے باوجود وزیر اعظم نجیب رزاق کی اقتدار پر گرفت مضبوط ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ دونوں نشستیں 2013ء کے عام وفاقی انتخابات کے مقابلے میں زیادہ اکثریت سے جیتی گئی ہیں۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلہ کن کامیابی کی وجہ سے وزیر اعظم نجیب قبل از وقت انتخابات کروانے کا اعلان کر سکتے ہیں۔
نجیب نے ایک بیان میں کہا کہ سابق وزیر اعظم مہاتر محمد نے "ان انتخابات کو میری قیادت سے متعلق ایک ریفرنڈم میں بدل دیا تھا"۔
'بی این' نے ملائیشیا کے مغربی ساحل کے ساتھ واقع سنگائی اور کوالا کانگسر کے علاقوں میں ان نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
ان نشستوں پر دوبارہ انتخابات یہاں سے پہلے کامیاب ہونے والے دو قانون سازوں کے گزشتہ ماہ ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے کے بعد ہوئے۔
نجیب رزاق کو تقریباً 70 کروڑ ڈالر کی رقم کے ماخذ سے متعلق چھان یبن کا سامنا ہے جو ان کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں رکھی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ رقم ملائیشیا کی سرکاری سرپرستی میں چلنے والے ترقیاتی ادارے 'ون ملائیشیا ڈویلپمنٹ برہد' کے اکاؤنٹ سے منتقل کی گئی تھی۔
نجیب تواتر کے ساتھ کسی بدعنوانی میں ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے ہیں اور ملائیشیا کے اٹارنی جنرل یہ کہہ چکے ہیں کہ یہ رقم سعودی شاہی خاندان کی طرف سے ذاتی عطیہ کے طور پر دی گئی تھی۔