رسائی کے لنکس

ملک ریاض کی سپریم کورٹ سے تحفظ کی درخواست


چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کے صاحبزادے ارسلان افتخار پر بلیک میلنگ کے الزام لگانے والے پاکستان کے مقبول تاجر ملک ریاض نے سپریم کورٹ سے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ یہ درخواست پیر کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرادی گئی۔ ان کا موقف ہے کہ انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں جس سے ان کی جان اور شہرت کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔

ملک ریاض نے تحفظ کیلئے درخواست میں کہاہے کہ وہ پاکستان کے شہری ہیں ، ٹیکس ادا کرتے ہیں اور رئیل اسٹیٹ کا قابل احترام کاروبار کرتے ہیں۔ گزشتہ سماعت پر جب وہ سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد واپس آ رہے تھے تو بعض وکلاء کی جانب سے انہیں سنگین دھمکیاں دی گئیں اور ان دھمکیوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔

مختلف حلقوں کی جانب سے ان پر حملے کیلئے بھی اکسایا جا رہا ہے جبکہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے ان کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے۔

ملک ریاض کا کہنا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے احاطے میں مناسب سیکیورٹی کے حقدارہیں۔ لہذا رجسٹرار سپریم کورٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی جائے کہ وہ مجھے سیکیورٹی فراہم کریں تاکہ وہ بغیر کسی دباؤ اور خوف کے اپنے مقدمہ لڑ سکیں ۔

XS
SM
MD
LG