رسائی کے لنکس

مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا


انگلش پریمیئر لیگ کے موجودہ فارمیٹ میں مانچسٹر سٹی کا مجموعی طور پر یہ چھٹا ٹائٹل ہے۔
انگلش پریمیئر لیگ کے موجودہ فارمیٹ میں مانچسٹر سٹی کا مجموعی طور پر یہ چھٹا ٹائٹل ہے۔

دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی نے اتوار کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹن وِلا کو شکست دے کر ایک بار پھر انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

مانچسٹر کے اتحاد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں میزبان ٹیم نے دو گول کے خسارے کے باوجود آخری پندرہ منٹ میں زبردست کم بیک کیا۔لیگ کے آخری میچ کے پہلے ہاف میں ایک صفر کے خسارے میں جانے کے بعد آسٹن ولا کا پلڑا بھاری لگ رہا تھا۔

تاہم میچ کے آخری 20 منٹ میں میزبان ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے تین گول اسکور کر کے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی اور مانچسٹر سٹی نے پانچ برس میں چوتھی مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی۔ انگلش پریمیئر لیگ کے موجودہ فارمیٹ میں مانچسٹر سٹی کا مجموعی طور پر یہ چھٹا ٹائٹل ہے۔

دوسری پوزیشن پر آنے والی لیور پول کی ٹیم نے بھی اتوار کو ایونٹ میں اپنا آخری میچ وولورہیمپٹن کے خلاف ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیتا۔ لیکن صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے مانچسٹر سٹی ٹائٹل کی فاتح قرار پائی۔

یاد رہے کہ 30 برس سے جاری انگلش پریمیئر لیگ کے ہر سیزن کا فیصلہ ناک آؤٹ مرحلے میں کامیابی کے بجائے پورے سیزن کی پرفارمنس کے ذریعے ہوتا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی 38 میچز کے بعد سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔

اتوار کو کھیلے گئے تمام میچز میں شائقین کی نظریں صرف دو مقابلوں پر تھیں۔ اپنے 38ویں میچ سے قبل مانچسٹر سٹی کے 90 اور لیورپول کے 89 پوائنٹس تھے۔ اگر لیورپول کی ٹیم اپنا آخری میچ جیت جاتی یا مانچسٹر سٹی کو شکست یا میچ ڈرا ہوجاتا تو ٹائٹل لیور پول کے نام ہوجاتا۔

مانچسٹر سٹی کا شاندار کم بیک

مانچسٹر سٹی کی ٹیم کو پہلے ہاف کے اختتام تک ایک گول کے خسارے کا سامنا تھا جسے دوسرے ہاف میں آسٹن ولا کے کھلاڑیوں نے دو صفر کردیا تھا۔

آسٹن ولا کی جانب سے میچ کا پہلا گول میٹی کیش نے 37ویں منٹ میں اسکور کیا جب کہ 69ویں منٹ میں جب فلیپ کوچینیو نے مہمان ٹیم کے لیے دوسرا گول کیا تو ان کے مداحوں کو لگا جیسے انہوں نے میچ پر گرفت مضبوط کرلی ہے۔

لیکن میچ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے الکائے گندووان کے 76ویں منٹ میں گول نے مانچسٹر سٹی کے کم بیک کی بنیاد رکھی۔ دو منٹ بعد روڈری کے دوسرے گول نے اسکور برابر کردیا۔

ابھی کھیل ختم ہونے میں دس منٹ سے بھی کم وقت باقی تھا کہ الکائے گندووان نے 81ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور مانچسٹر سٹی کا تیسرا گول اسکور کرکے ٹرافی کا حصول یقینی بنالیا۔

اس فتح کے ساتھ مانچسٹر سٹی نے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔ دوسری پوزیشن پر آنے والی لیورپول نے'وولوز' کو شکست تو دی لیکن صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے وہ ٹائٹل اپنے نام نہ کرسکے۔

تیسری اور چوتھی پوزیشن پر آنے والی چیلسی اور ٹوٹنہم کی ٹیمیں اس سیزن میں ٹائٹل کی دوڑ میں ہی نہیں تھیں۔ کیوں کہ 38، 38 میچز کے بعد ان کے بالترتیب 74 اور 71 پوائنٹس ہیں۔

سن 2016 سے مانچسٹر سٹی کا چارج سنبھالنے والے فٹ بال کلب کے منیجر پپ گواردیولا کی زیرِ قیادت مانچسٹر سٹی کا یہ 11واں بڑا ٹائٹل ہے۔ یہ فتح اس لیے بھی یادگار ہے کیوں کہ یہ ان کے کپتان فرنانڈینہو کا کلب کے ساتھ آخری سیزن تھا۔سینتیس سالہ کھلاڑی اب واپس برازیل جاکر اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے پُرامید ہیں۔

مانچسٹر سٹی کی فتح پر ان کے کھلاڑیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹس شیئر کی گئیں جب کہ دوسری ٹیموں کے فٹ بالرز نے بھی انہیں مبارک باد دی۔

منیجر پپ گواردیولا کا کہنا تھا کہ اگر مخالف ٹیم کے مداح ان کی کامیابی پر خوشیاں منانا چاہتے ہیں تو انہیں بس نیلے رنگ کی شرٹ زیب تن کرنا ہوگی۔

مانچسٹر سٹی کے ساتھ اپنا سفر ختم کرنے والے کپتان فرنانڈینہو کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم آخری وقت تک کھیلتی ہے۔ دس برس پہلے بھی انہوں نے انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیتاتھا اور آج بھی اس نے کامیابی سمیٹی۔

سابق فٹ بالر پابلو زابالیٹا نے مانچسٹر سٹی کی کامیابی پر پورے کلب اور ان کی مینجمنٹ کو مبارک باد دی۔

دوسری جانب جرمن فٹ بالر لیروئے سین نے الکائے گندووان کی کارکردگی کو سراہا۔

مانچسٹر سٹی کے رحیم اسٹرلنگ نے بھی میچ جیتنے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی فتح شاید دوبارہ نہ مل سکے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG