’ہم ٹی وی‘ سے ایک نیا ڈرامہ ’من مائل‘ شروع ہوا ہے، جس کے بارے میں چینل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ وہی ڈرامہ ہے جس کا ناظرین بے تابی سے انتظار کررہے تھے۔
'من مائل' کہانی ہے گھر بھر کی لاڈلی مناہل کی جو اپنی دوست کے بھائی رافع سے محبت کرتی ہے۔ گھر والے اس کی رافع سے شادی پر تیار نہیں اور رافع سے شادی کی صورت میں اسے گھرسے چلنے جانے کا کہتے ہیں۔
مناہل گھر چھوڑنے پر بھی تیار ہوجاتی ہے۔ لیکن، رافع خود کو اس کے قابل نہ سمجھتے ہوئے اسے گھر واپس بھیج دیتا ہے۔ مناہل سمجھتی ہے کہ رافع اس سے محبت نہیں کرتا۔
وہ دلبرداشتہ ہو کر میکائل سے شادی کر لیتی ہے اور خود کو اس کی پسند کے مطابق ڈھال لیتی ہے۔ لیکن میکائل میں ہر وہ برائی موجود ہے جو مناہل کے وضع دار گھرانے کے لئے تکلیف کا باعث بنتی ہے۔
ادھر رافع کسی اور شہر جابستا ہے تاکہ مناہل کا کبھی سامنا ہی نہ ہو اور مناہل اسے بھول جائے۔ نئے شہر میں اس کا ٹھکانا اس کے ایک دوست افتخار کا گھر بنتا ہے۔
یہیں سے کہانی میں کچھ نئے کردار جڑجاتے ہیں جن کے سبب کہانی نئے نئے موڑ لیتی ہے۔
’من مائل‘ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے حمزہ علی عباسی کی طویل عرصے بعد منی اسکرین پر دوبارہ واپسی ہوئی ہے۔ اس سے قبل ان کا ڈرامہ سیریل ’پیارے افضل‘ سپرہٹ ہوا تھا۔
ڈرامہ ’من مائل‘ کو مومنہ درید، ثمینہ ہمایوں سعید اور ثناء شاہنواز نے مل کر پروڈیوس کیا ہے۔ چینل کے ایک عہدیدار منہاس صغیر نے وی او اے کو بتایا کہ ڈرامہ کی مصنفہ ثمینہ فضل ہیں جبکہ اسے حسیب حسن نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
جن فنکاروں نے من مائل میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں ان میں مایا علی، عائشہ خان، گوہر رشید اور ایمن خان شامل ہیں۔