رسائی کے لنکس

امریکہ: جنگلات میں آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 35 ہو گئی


 آگ سے متاثرہ شہروں میں دھوئیں کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات پیش آ رہی ہے۔
آگ سے متاثرہ شہروں میں دھوئیں کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات پیش آ رہی ہے۔

امریکہ کی شمال مغربی ریاستوں کے جنگلات میں لگی آگ کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔ آگ کے باعث ہزاروں گھر، کاروبار اور کئی قصبے تباہ اور لاکھوں ایکڑ پر محیط جنگلات جل کر راکھ ہو چکے ہیں۔

جن ریاستوں میں آگ لگی ہے ان میں کیلی فورنیا، اوریگون اور واشنگٹن شامل ہیں۔ آگ کی وجہ سے اٹھنے والے دھوئیں سے امریکی شہروں سان فرانسسکو، سیاٹل اور پورٹ لینڈ میں آسمان سرخ ہو گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق آگ سے متاثرہ شہروں میں دھوئیں کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور فضا میں دھوئیں کے بادل لاکھوں افراد کی صحت کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ریاست اوریگون کے شمال مغربی علاقوں میں فضا صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔

ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔
ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔

قومی موسمیاتی سروس کے مطابق دھوئیں کی وجہ سے حدِ نگاہ 500 میٹر سے بھی کم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کو ریاست کیلی فورنیا کا دورہ کر رہے ہیں جہاں جنگلات میں آگ کی وجہ سے ایک بڑا رقبہ متاثر ہوا ہے۔ ماضی میں انہوں نے علاقے میں جنگلات میں آگ لگنے کی وجہ 'فاریسٹ مینیجمنٹ' کی ناقص کارکردگی کو قرار دیا تھا۔

اوریگون کی گورنر کیٹ براؤن صدر ٹرمپ کی رائے سے اتفاق نہیں کرتیں۔

اتوار کو انہوں نے نشریاتی ادارے 'سی بی ایس' کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ہمارے لیے اہم ہے کہ ہم موسمیاتی تبدیلی کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔"

XS
SM
MD
LG