دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے معیشت کا زوال جاری ہے اور امریکہ اس سے مستثنا نہیں۔ بڑی معیشت ہونے کی وجہ سے اسے بعض معنوں میں دوسروں سے زیادہ مسائل کا سامنا ہے۔ یہاں اب تک 4 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ افراد ذریعہ آمدن سے محروم ہوچکے ہیں اور بیروزگاری کی شرح 29 فیصد بتائی جارہی ہے۔
کاروباروں کا ڈیٹا رکھنے والی ویب سائٹ یلپ کے مطابق لاک ڈاؤن کی وجہ سے امریکہ میں لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ کاروبار بند ہوئے اور ان میں سے ایک تہائی یعنی پچاس ہزار کے دوبارہ کھلنے کا امکان نہیں ہے۔ ان میں بیشتر چھوٹے کاروبار ہیں لیکن کئی بڑے ریٹیلرز اور ریسٹورنٹ چینز نے بھی حکومت کو دیوالیہ ہونے سے آگاہ کیا ہے۔
فوڈ فرسٹ گلوبل ریسٹورنٹس نے 10 اپریل کو دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ یہ کمپنی برایو اٹالین میڈیٹیرین اور براوو فریش اٹالین ریسٹورنٹس کے سلسلوں کی مالک ہے۔ اس کمپنی کے 92 میں سے 71 ریسٹورنٹس کرونا وائرس بحران کی وجہ سے عارضی طور پر بند کئے گئے تھے۔
ملبوسات کی کمپنی ٹرو ریلیجن نے 2017 میں بھی دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن چار ماہ بعد اس کے حالات سنبھل گئے تھے۔ لیکن موجودہ بحران میں اس کی بس ہوگئی اور اس نے 13 اپریل کو کاروبار بند کرنے کا اعلان کردیا۔
ملبوسات کے ایک اور ریٹیلر جے کریو نے 4 مئی کو دیوالیہ ہونے سے آگاہ کیا۔ وہ ایک ارب 65 کروڑ ڈالر کے قرضے کو ایکویٹی میں بدلنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ لگژری ڈپارٹمنٹ سٹورز کی چین نیمن مارکس نے 7 مئی کو اعلان کیا کہ وہ کرونا وائرس کی وجہ سے دباؤ کو برداشت نہیں کرپارہی اور کاروبار بند کررہی ہے۔
ڈپارٹمنٹ اسٹورز کے سلسلے اسٹیج اسٹورز نے 10 مئی کو دیوالیہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے جو چیلنج پیدا ہوا ہے اس سے نمٹنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ کمپنی اب کاروبار سمیٹ رہی ہے اور اس کی کوشش ہے کہ کوئی خریدار مکمل کاروبار یا اس کا کچھ حصہ خرید لے۔
گارڈن فریش ریسٹورنٹس نے 14 مئی کو دیوالیہ ہونے کی اطلاع دی۔ یہ کمپنی بوفے ریسٹورنٹس کے سلسلوں سوپ پلانٹیشن اور سوئیٹ ٹومیٹو کی مالک ہے۔ سستی مصنوعات کے ریٹیلر ٹیوزڈے مارننگ نے 27 مئی کو دیوالیہ ہونے سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہ 230 سٹورز بند کردے گی۔
ڈپارٹمنٹل سٹورز جے سی پینی نے 15 مئی کو دیوالیہ ہونے کی دستاویزات جمع کرائیں اور کہا کہ کرونا وائرس بحران نے اسے اس حال کو پہنچا دیا ہے۔ کمپنی 30 فیصد سٹورز بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ریسٹورنٹس کے سلسلے لا پین کوٹیڈیئن نے بھی 27 مئی کو دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا اور بتایا کہ وہ اپنے تمام 98 ریسٹورنٹس اور یفی برینڈز کو فروخت کررہی ہے۔ نئی کمپنی کم از کم 35 ریسٹورنٹس کو دوبارہ کھولنے کی خواہش مند ہے۔