صدر براک اوباما نے پاکستانی نژاد امریکی، مارک ہمایوں کو 'بایومیڈیکل انجنیئرنگ' کے میدان میں نمایاں کارکردگی پر امریکہ کا اعلیٰ ترین 'نیشنل میڈل آف ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن' عطا کیا ہے۔
ہمایوں کو بینائی سے محروم افراد کے لیے بصارت کے شعبے میں ٹیکنالوجی دریافت کرنے پر یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی کے نجی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق، مارک نے 'آرگوس ٹو' (بایونک آئی) تشکیل دی ہے، جس کی مدد سے نابینا افراد کی بینائی بحال کرنے میں مدد ملتی ہے، جن میں سے کچھ ایسے مریض ہیں جنھیں 50 برس پرانا عارضہ تھا۔
مارک ہمایوں قائد اعظم محمد علی جناح کے ذاتی معالج، ڈاکٹر الاہی بخش کے پوتے ہیں۔
اس انتہائی کارآمد کام پر مارک ہمایوں کو حکومتِ امریکہ نے ٹیکنالوجی اور تحقیقی کام کے میدان میں نمایاں کارنامے پر یہ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔
وائٹ ہائوس میں منعقدہ تقریب میں، امریکی صدر نے کہا کہ ''جب ذیابیطس کے باعث، اُن کی دادی کی بینائی چلی گئی، تو اُنھوں نے ماہر چشم بننے کی تعلیم حاصل کرنا شروع کی، اس امید کے ساتھ کہ وہ دوسروں کی بصارت بحال کرنے میں معاون ثابت ہوں گے''۔
پیشے کے اعتبار سے، ہمایوں ماہر امراض چشم ہیں۔ اِن دِنوں، وہ 'یو ایس سی گئیل اینڈ ایڈورڈ روسکی آئی انسٹی ٹیوٹ' کے شریک سربراہ؛ اور 'یوایس سی انسٹی ٹیوٹ فور بایو میڈیکل تھیراپیٹکس' کے سربراہ ہیں۔ وہ 100 سے زائد 'پیٹنٹ' اور 'پیٹنٹ ایپلیکیشنز' کے موجد اور مالک ہیں، جن میں سے ساری ایجادات 'اوپتھل مولوجی' اور'بایو امپلانٹس' کے شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے، ہمایوں نے کہا کہ یہ میرے لیے باعثِ عزت لمحہ ہے کہ مجھے 'نیشنل میڈل آف ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن' دیا گیا ہے۔