رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ


جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ساؤتھمپٹن میں کھیلا جانے والا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا 15 واں میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے جب کہ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا جس کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے کیا، لیکن ہاشم آملہ ان دنوں فارم میں نہیں ہیں اور پچھلے میچ کی طرح وہ آج بھی صرف چھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں شیلڈن کوٹریل نے کرس گیل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

ہاشم کی جگہ ایڈن مرکرام کھیلنے آئے مگر کوٹریل نے پانچ رنز پر انہیں بھی اپنا شکار بنا لیا۔ البتہ اس بار کیچ لینے والے فیلڈر ہوپ تھے۔

بیٹنگ کی غرض سے کریز پر پہنچنے والے تیسرے بیٹسمین فاف ڈوپلیسی تھے جب کہ ان کا ساتھ دینے کے لیے ڈی کوک پہلے سے موجود تھے۔

فاف ڈوپلیسی بغیر کوئی رن بنائے اور ڈی کوک 17 رنز پر کھیل رہے تھے، جب کہ 7 اعشاریہ 3 اوورز کا میچ ہو چکا تھا جس میں دو وکٹ کے نقصان پر 29 رنز ہی بنے تھے کہ تیز بارش شروع ہو گئی اور میچ درمیان میں ہی روک دینا پڑا۔

مسلسل بارش کے سبب میچ کو پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے کے کچھ دیر بعد منسوخ کر دیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

ٹیموں میں تبدیلی:
دونوں ٹیموں نے آج کے میچ کے لیے دو، دو تبدیلیاں کی تھیں۔ جنوبی افریقہ نے جے پی ڈومنی اور تیریز شمسی کی جگہ ایڈن مرکرام اور بیرون ہیڈرکس کو ٹیم کا حصہ بنایا تھا جب کہ ویسٹ انڈیز نے آندرے رسل اور این لیوس کی جگہ ڈیرن براوو اور کیمر روچ کو شامل کیا تھا۔

جنوبی افریقہ :
فاف ڈوپلیسی، ایڈن مرکرام، کوئنٹن ڈی کاک، ہاشم آملا، ہی وینڈر ڈوسن، ڈیوڈ ملر، فلکوایو، کرس موریس، کاگیسو ربادا،
عمران طاہر اور بی ہینڈریکس ۔

ویسٹ انڈیز :
کرس گیل، شائی ہوپ، ڈیرن براوو ، نکولس پورن،شمرون ہٹمائر، جیسن ہولڈر، کارلوس بریتھ ویٹ،ایشلے نرس، کیمر روچ، شیلڈن کو ٹریل اور اوشان تھامس۔

پوائنٹ ٹیبل
جنوبی افریقہ کی ٹیم کا آج چوتھا میچ تھا۔ وہ اپنے پہلے تینوں میچز ہار چکی تھی اور اس کا کوئی پوائنٹ نہیں تھا تاہم آج کا میچ منسوخ ہو جانے کے باعث اسے ایک پوائنٹ مل گیا۔

ادھر ویسٹ انڈیز نے آج اپنا تیسرا میچ کھیلا جب کہ وہ پہلے کھیلے گئے دو میچز میں سے ایک جیتا اور ایک ہارا ہے۔ آج کے میچ سے پہلے اس کے دو پوائنٹس تھے۔ آج کا ایک پوائنٹ ملنے کے بعد اس کے کل تین پوائنٹس ہو گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG