سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کی قیادت میں میلبرن کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے۔ مہمان ٹیم پاکستان میں ایک ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کی صبح ایم سی سی کی ٹیم پہنچی تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے اُن کا استقبال کیا۔
لگ بھگ 48 برس بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی ایم سی سی کی ٹیم 19 فروری تک لاہور میں قیام کرے گی جس کے دوران چار میچز کھیلے جائیں گے۔ ایم سی سی کی ٹیم نے آخری مرتبہ 1973 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مہمان ٹیم آج پریکٹس کرے گی اور کل بروز جمعہ پاکستان سپر لیگ میں شامل ٹیم لاہور قلندرز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ یہ میچ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہو گا۔
ایم سی سی کی ٹیم 16 فروری کو پاکستان شاہینز کے مدِ مقابل ہو گی۔ تاہم یہ میچ 50 اوورز پر مشتمل ہوگا اور ایچیسن کالج میں کھیلا جائے گا۔
ایم سی سی کرکٹ ٹیم 17 فروری کو ناردرن اور 19 فروری کو ملتان سلطانز کے خلاف ایجیسن کالج میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
یاد رہے کہ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے گزشتہ برس اگست میں ہونے والے اجلاس کے دوران ٹیم پاکستان بھیجنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
ایم سی سی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے طویل عرصے تک اپنی سرزمین پر بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی نہیں کی اور ایم سی سی کی ٹیم پاکستان بھیجنے کا مقصد وہاں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے تعاون کرنا ہے۔