رسائی کے لنکس

’فسکل کلف‘ مذاکرات بے نتیجہ


اتوار کے روز سینیٹ میں ریپبلیکن قائد مِچ مکونیل نےکہا کہ ایوان کی کارروائی میں ’فوری‘ دلچسپی کی عدم موجودگی پر اُنھیں تشویش ہے

امریکی سینیٹ کےقائدِ ایوان، ہیری ریڈ نے کہا ہے کہ’ فسکل کلف‘ سے بچنے کے لیے سمجھوتے تک پہنچنے کی راہ میں ڈیموکریٹک اور ریپبلیکن قانون سازوں کے درمیان ’اہم نوعیت کے اختلافات‘ حائل ہیں، جب کہ بصورتِ دیگر منگل سے معاشی بحران کی صورتِ حال پیدا ہوجائے گی۔

اتوار کو دِن بھر جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد بھی کوئی سمجھوتا طے ہوتا ہوا نظر نہیں آیا، اور قانون ساز پیر کو دوبارہ اکٹھے ہوں گے۔


امریکی سینیٹ کے قائدین اس بات پر سوالات اُٹھا رہے ہیں آیا وہ مالی بحران کو ٹالنے سے متعلق سمجھوتا طے کرلیں گے، جب کہ بصورت دیگر ملک کی نازک معاشی بحالی کی صورت حال کو نقصان پہنچنے کا خطرہ لاحق ہوگا۔

اتوار کے روز سینیٹ میں ریپبلیکن قائد مِچ مکونیل نےکہا کہ ایوان کی کارروائی میں ’فوری‘ دلچسپی کی عدم موجودگی پر اُنھیں تشویش ہے، جس میں اتوار کو کانگریس کے دونوں ایوانوں کا اجلاس طلب کیا جانا شامل ہے، جو کہ بذاتِ خود ایک غیر معمولی عمل ہے۔

پیش رفت نہ ہونے کے بارے میں، اُنھوں نے کہا کہ لگتا یوں ہے کہ قانون سازوں میں کسی سمجھوتے تک پہنچنے کے لیے درکار ’رضامندی، دلچسپی اور ہمت‘ کا فقدان ہے۔

سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے قائد ہیری ریڈ نے کہا ہے کہ ریپبلیکن پارٹی کی طرف سے ہفتے کی رات گئے پیش کی گئی تجاویز کے جواب میں وہ ابھی اپنی متبادل پیش کش سامنے نہیں لائے۔

اُنھوں نے کہا کہ مکونیل نے مذاکرات میں ’مکمل اعتماد‘ کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم اُن کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیاں بڑے معاملات پر کوسوں دور ہیں۔

اس سے قبل کی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’فسکل کلف‘ سےبچنے کے لیے کیپیٹول ہل پر ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ’رُک سے گئے ہیں‘۔

بتایا جاتا ہے کہ اس وقت معاملہ ’سوشل سکیورٹی‘ کی مراعات سے متعلق دونوں پارٹیوں کے متضاد نقطہٴنظر کی بنا پر آگے نہیں بڑھ پا رہا۔

ساتھ ہی یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سینیٹ کے قائدین کسی ممکنہ سمجھوتے کے کسی ’فریم ورک‘ تک پہنچنے کے لیے تگ و دو میں مصروف ہیں۔

سینیٹ میں اقلیتی لیڈر مِچ مکونیل کی طرف سے ہفتے کی رات گئے ہونے والی پیش کش کے بارے میں کیے گئے ایک سوال کے جواب میں، سینیٹ میں اکثریتی پارٹی کے قائد، ہیری ریڈ کے بقول، اِس مرحلے پر، ہم کوئی متبادل پیش کش کی پوزیشن میں نہیں۔ لیکن، عین ممکن ہے آج کسی وقت ایسا ممکن ہو۔

ریڈ نے کہا کہ کچھ اہم معاملات کے سلسلے میں ہماری سوچ میں بہت فرق ہے۔

سینیٹ میں ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک مشیر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مذاکرات میں یہ ٹھہراؤ اُس وقت سامنے آیا جب مکونیل نے سوشل سکیورٹی میں مہنگائی الاؤنس کی مراعات کو تبدیل کرنے کے سلسلے میں کچھ نئی شقین متعارف کرانے کی ایک تجویز پیش کی۔
XS
SM
MD
LG