ایشز سیریز کے چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میں السٹر کک کی ڈبل سنچری کے باعث انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 164 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔
جمعرات کو کھیل کے تیسرے روز اختتام پر انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 491 رنز بنا لیے تھے۔
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ نے 192 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو آسٹریلیا کو جلد ہی کامیابی ملی اور جو روٹ 61 رنز بناکر کومنز کی گیند پر لایون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ملان 14 اور بیرسٹو 22 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جب کہ معین علی اور ووکس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور بالترتیب 20 اور 26 رنز بناسکے۔
براڈ نے کک کا بھرپور ساتھ دیا اور 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس دوران کک نے اپنی ڈبل سینچری مکمل کی جو ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کی پانچویں ڈبل سینچری ہے۔
اس ڈبل سینچری کے ساتھ ہی السٹر کک کیلنڈر ایئر میں دو ڈبل سینچریاں بنانے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ اس سے قبل ویلی ہیمنڈ نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ ملیبورن کے کرکٹ گراؤنڈ پر کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی کا یہ سب سے بڑا اسکور ہے۔
اس سے پہلے 1984ء میں ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز نے 208 رنز بنائے تھے۔
تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور 327 رنز کے جواب میں 9 وکٹیں گنوا کر 491 رنز بنالیے تھے۔ اوپنر السٹر کک ناقابلِ شکست 244 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔
آسٹریلیا کی طرف سے ہیزل ووڈ، لایون اور کومنز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔