میکسیکو میں پولیس نے ملک کے بدنام ترین منشیات اسمگلر سروانڈو "لا ٹوٹا" گومز کو گرفتار کر لیا ہے۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گومز کو جمعہ کو مغربی ریاست مچواکان سے ایک کارروائی کر کے بغیر طاقت کا استعمال کیے گرفتار کیا گیا۔
گومز ایک ایسے اثرورسوخ والے گروہ کا سرغنہ تھا جس نے ریاست میں سیاسی و اقتصادی معاملات کو پوری طرح اپنے غلبے میں لے رکھا تھا۔
منشیات کے اسمگلنگ میں شامل ہونے سے پہلے گومز ایک اسکول میں بطور استاد پڑھاتا رہا ہے۔ اس کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کا ارتکاب کرنے کے ساتھ ساتھ غریبوں کی دل کھول کر مدد کرتا تھا۔
اس نے اپنے گروہ کو سختی سے ہدایت کر رکھی تھی کہ وہ لوگ غربت کے خاتمے کے مشن کے ساتھ اپنا کام کریں گے۔
گومز کی گرفتاری کے لیے حکام کے بقول کئی ماہ سے انٹیلی جنس کی بنیاد پر معلومات جمع کی جا رہی تھیں جب کہ گزشتہ ہفتے کے گومز کے متعدد ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔