رسائی کے لنکس

پینیا نی ایتو میکسیکو کے نئے صدر منتخب


میکسیکو کے نو منتخب صدر اینریکے پینیا نی ایتو ابتدائی انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کر رہے ہیں
میکسیکو کے نو منتخب صدر اینریکے پینیا نی ایتو ابتدائی انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کر رہے ہیں
میکسیکو میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے ابتدائی نتائج کے مطابق اینریکے پینیا نی ایتو ملک کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

انتخابی حکام نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ ابتدائی نتائج کے مطابق نی ایتو نے 38 فی صد ووٹ حاصل کرکے اپنے حریف اور دارالحکومت میکسیکو سٹی کے سابق میئر آندریس منوئل لوپیز اوبراڈور کو شکست دیدی ہے جنہوں نے 31 فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

برسرِ اقتدار جماعت 'نیشنل ایکشن پارٹی (پی اے این)' کی خاتون امیدوار جوزفینا ویزکوئز موٹا صدارتی انتخاب میں تیسرے نمبر پر رہیں۔

لوپیز اوبراڈور نے شکست تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان شہریوں کی نمائندگی کرنے کے مکلف ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں ووٹ دیا۔

دارالحکومت میکسیکو سٹی کے سابق میئر آندریس منوئل لوپیز اوبراڈور جو صدارتی انتخاب میں دوسرے نمبر پر رہے
دارالحکومت میکسیکو سٹی کے سابق میئر آندریس منوئل لوپیز اوبراڈور جو صدارتی انتخاب میں دوسرے نمبر پر رہے
اپنی شکست کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے میکسیکو سٹی کے سابق میئر نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی طور غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ نہیں کریں گے اور مکمل انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد درست وقت پر اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

نومنتخب صدر پینیا نی ایتو کا تعلق 'انسٹی ٹیوشنل ریولوشنری پارٹی (آئی آر پی)' سے ہے جو ماضی میں 71 برس تک میکسیکو پر حکمران رہی ہے۔ سنہ 2000 کے انتخابات میں 'نیشنل ایکشن پارٹی (پی اے این)' کے امیدوار ویسنٹے فوکس کی کامیابی کے بعد 'آئی آر پی' کے طویل اقتدار کاخاتمہ ہوگیا تھا۔

سنہ 2006 کے انتخاب میں 'پی اے این' ہی کے فلپے کالڈرون صدر منتخب ہوئے تھے جن کا چھ سالہ دورِ اقتدار معاشی کساد بازاری اور منشیات فروش گروہوں کی پرتشدد کاروائیوں سے عبارت رہا ہے۔

صدر کالڈرون نے حکومت سنبھالتے ہی میکسیکو کے طاقت ور منشیات فروش گروہوں کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کے بعد سے اب تک ملک میں پر تشدد کاروائیوں 50 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا ملک کے نومنتخب صدر پینیا نی ایتو نے کہا ہے کہ میکسیکو کی عوام نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے۔ تاہم انہوں نے اقتدار میں آنے کے بعد منشیات فروشوں پر دبائو برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اپنی کامیابی کے بعد حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ جرائم کے خلاف جنگ ایک مختلف حکمتِ عملی کے ساتھ جاری رکھی جائے گی تاکہ تشدد کا خاتمہ اور عام شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے واشگاف الفاظ میں اعلان کیا کہ ان کی حکومت منظم جرائم پیشہ گروہوں کے ساتھ کوئی معاہدہ یا جنگ بندی نہیں کرے گی۔

لیکن خطے کی صورتِ حال پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ میکسیکو کے عام شہری سمجھتے ہیں کہ پینیا نی ایتو کی جماعت ہمیشہ سے منشیات فروش گروہوں کے قریب رہی ہے اور نومنتخب صدر قتل و غارت روکنے کے لیے ان گروہوں کےساتھ کوئی معاہدہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG