رسائی کے لنکس

 مشیل اوباما کی نئی کتاب: میں مشکلات کا مقابلہ کیسے کرتی ہوں؟


 مشیل اوبا ما کی نئی کتاب لائٹ وی کیری کی تصویر جسے رینڈم ہاوس شوز نے ریلیز کیا : فوٹو اے پی
مشیل اوبا ما کی نئی کتاب لائٹ وی کیری کی تصویر جسے رینڈم ہاوس شوز نے ریلیز کیا : فوٹو اے پی

یہ 2020 کے صدارتی انتخاب کے بعد کے اس موسم گرما کی بات ہے جب کویڈ 19 کی وبا سے ملک میں اموات اور الگ تھلگ رہنے کا سلسلہ جاری تھا اور سیاسی اور نسلی بے چینی کے ساتھ ساتھ امریکی کیپیٹل پر شورش کی فضا تھی ۔ ایسے میں ہر شخص یہ جاننا چاہتا تھا کہ ان مسائل کو کن طریقوں سے حل کیا جا سکتا ہے ۔ اور وہ کسی طور مجھ سے پوچھ رہے تھے کہ آپ کیا کر رہی ہیں ؟ تو یہی وہ وقت تھا جب میں نے اس بارے میں سوچنا شروع کر دیا۔

یہ کہانی ہے امریکہ کے سابق صدر براک اوباما کی اہلیہ اور سابق خاتون اول مشیل اوباما کی جو دنیا کی ایک مشہور ترین خاتون ہیں ۔ انہوں نے 2018 میں ریلیز ہونے والی اپنی بیسٹ سیلنگ یاد داشت ،Becoming کے بعد ایک اور کتاب , “The Light We Carry: Overcoming in Uncertain Times. تحریر کی ہے ۔سابق خاتون اول نے اپنی یہ کہانی سنانے کا فیصلہ اس لیے کیا کیوں کہ وہ سمجھتی ہیں کہ لوگ کہانیوں سے سیکھتے ہیں۔

پیپلز میگزین کو دیے گئے انٹر ویو میں مشیل اوباما نے اپنی اس کہانی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2020 کا موسم گرما وہ وقت تھا جب ان کی بیٹیوں سے لے کر ان کی سہیلیاں اورانہیں خط لکھنے والے اجنبی تک یہ جاننا چاہتے تھے کہ ان پریشان کن وقتوں سے کیسے نمٹا جائے۔ اور یہ ہی وجہ تھی کہ انہوں نے اس بارے میں سوچا اورپھر سخت حالات سے نمٹنے کے اپنے طریقوں پر روشنی ڈالنے کے لیے ایک کتاب لکھی جس کا عنوان ہے(دی لائٹ وی کیری : ان ان سرٹین ٹائمز )، یعنی وہ روشنی جسے ہم غیر یقینی حالات پر قابو پانے کے لیے اپنے ساتھ رکھتے ہیں۔

مشیل اوباما کی کتاب کے بارے میں پیپل میگزین کو دیے گئے ان کے انٹرویر پر مبنی رپورٹ میگزین کی ویب سائٹ پر جمعرات کو پوسٹ کی گئی اور وہ 21 نومبر کے شمارے میں شائع ہو گی جو جمعے کو ملک بھر میں دستیاب ہو گا۔

مشیل اوباما
مشیل اوباما

مشیل اوباما نے اپنے انٹرویو میں مشکل حالات سے نمٹنے کے اپنے طریقوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب میں اپنی زندگی کے 58 برسوں پر مڑ کر نظر ڈالتی ہوں تو میں بتا سکتی ہوں کہ یہ وہ طریقہ ہے جس سے میں خوف کا مقابلہ کرتی ہوں۔ یہ وہ باتیں ہیں جو میں خود سے اس وقت کہتی ہوں جب مجھے اپنا حوصلہ بلند کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ یہ وہ طریقہ ہے جس کی مدد سے میں دنیا کی نظروں میں رہ سکتی ہوں جو لازمی طور پر کسی بلند قامت سیاہ فام خاتون کو نہیں دیکھتی ۔ اور یہ وہ طریقہ ہے جس کی مدد سے میں اس وقت بکتر بند رہتی ہوں جب مجھ پر حملہ ہوتا ہے ۔

ساشا اور ملیا اوباما کی والدہ مسز اوباما نے اپنی کتاب میں اپنے بارے میں ہر چیز کو مثلاً ان کےلیے نئے دوست بنانا کتنا مشکل ہے، سے لے کر نسل پرستی ، شادی ، بچوں کی پرورش اور حتی کہ مینوپاز کے اپنے تجربات تک پر کھل کر بات کی ہے۔

انہوں نے اپنی قریبی سہیلیوں کے ساتھ کچن ٹیبل پر اکٹھے ہونے کی کہانی بھی بیان کی ہے جس کی سربراہی ان کی 85 سالہ والدہ میرین روبن سن کرتی تھیں ۔ اس گروپ میں ہائیکنگ اور یوگا کی ان کی ایک دوست اورصدر بائیڈن کے بیٹے ہنٹر کی سابقہ اہلیہ کیتھلین بوہل( Kathleen Buhle) شامل ہیں جو ساشا اوباما کی بہترین دوست میسی بائیڈن کی والدہ بھی ہیں ۔

2018 میں ریلیز ہونے والی اپنی بیسٹ سیلنگ بک ،Becoming کے بعد مسز اوباما نے اس کی تشہیر کے لیے ایک بین الاقوامی دورہ کیا تھا ۔ اس کتاب کی دنیا بھر میں ایک کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ نقول فروخت ہوئی تھیں جو کسی بھی سابقہ خاتون اول یا اپنے شوہر براک اوباما سمیت کسی بھی ماڈرن صدر کی یاد داشت سے زیادہ فروخت ہوئی تھی۔

مشیل اوباما فائل فوٹو
مشیل اوباما فائل فوٹو

اپنی نئی کتاب میں سابق خاتون اول نے اپنی کہانی ایسے بیان کی ہے گویا وہ خود کو آئینے میں دیکھ رہی ہیں اور صرف اپنی خامیاں دیکھ رہی ہیں اور یہ بتایا ہے کہ وہ کس طرح اپنے آپ سے مہربان ہونے کی مشق کرتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وہ مشکل حالات کا مقابلہ خود کو ٹی وی کے پروگرام دیکھنے میں مصروف رکھ کر بھی کرتی ہیں جسے ان کے شوہر ’لو براؤ ٹی وی‘ کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایچ جی ٹی وی دیکھتی ہیں ، اور ان کے پسندیدہ پروگراموں میں فوڈ چینل پر کوئی بھی پروگرام اور “Married at First Sight" (میریڈ ایٹ فرسٹ سائٹ) جیسے ڈیٹنگ شوز ،شامل ہیں ۔

سابق خاتون اول نے خود کو ایک باخبر شہری بتایا جو اخبار پڑھتی ہے. بریفس لیتی ہے۔ اپنے شوہر کے ساتھ وقت گزارتی ہے اور جانتی ہے کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے۔

لیکن انہوں نے کہا کہ جب کبھی مجھے اپنے لیے وقت ملتا ہے تو مجھے خود کو دنیا بھر کی سوچوں اور پریشانیوں سے الگ رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔

اس رپورٹ کا مواد ایسو سی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG