لبنان سے اسرائیل پر 175 راکٹ فائر
اسرائیل کے جنوبی علاقوں پر لبنان سے پیر کو 175 راکٹ فائر کیے گئے۔
اسرائیلی فوج نے راکٹ حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان راکٹوں سے ایک اسرائیلی خاتون زخمی ہوئی ہیں جب کہ کئی مقامات پر املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے پیر کو یہ حملے ایسے موقع پر کیے جب اسرائیل میں حماس کے حملوں کو ایک برس مکمل ہونے پر یرغمالوں کی رہائی کے لیے جلوس اور احتجاج ہو رہے تھے۔
قبل ازیں اتوار کو اسرائیلی شہروں تبریاس اور حیفا پر ہونے والے راکٹ حملوں میں سات افراد زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیل کی پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کو لبنان سے داغے راکٹوں سے ایک مرکزی شاہراہ اور کئی گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
حزب اللہ کا بھی کہنا ہے کہ اس نے پیر کو ایک بار پھر حیفا شہر کے شمالی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے جب کہ کرمیل شہر میں کئی مقامات پر راکٹ داغے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں اسرائیل پر حملوں کا ایک برس مکمل ہونے کی تقریب
اسرائیل پر حماس کے حملوں کو ایک برس مکمل ہونے پر وائٹ ہاؤس میں یادگاری تقریب منقعد کی گئی۔
وائٹ ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن نے شرکت کی۔
اس تقریب سے قبل جو بائیڈن نے اسرائیل کے صدر آئزک ہرزوگ سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔
تقریب کے دوران امریکی صدر نے ایک چھوٹی میز پر رکھی واحد موم بتی روشن کی اور کچھ وقت کے لیے خاموشی اختیار کی۔
لبنان سے برازیل کے شہریوں کا انخلا جاری
برازیل کی حکومت لبنان سے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے خصوصی پروازیں چلا رہی ہے۔
برازیلی فضائیہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق لبنان سے دوسرا طیارہ شہریوں کو لے کر برازیل پہنچ گیا ہے۔
بیان کے مطابق برازیل کی ایئرفورس کے اس طیارے میں 49 بچوں سمیت 227 شہری سوار تھے۔
واضح رہے کہ لبنان میں برازیل کے لگ بھگ 21 ہزار شہری موجود ہیں۔