غزہ کے البريج کیمپ پر اسرائیلی حملہ، 15 سے زائد افراد ہلاک
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، پیر کی رات غزہ کے البریج کیمپ میں اسرائیلی حملے میں ایک کثیر المنزلہ مکان کو نشانہ بنایا گیا جس میں 15 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساحلی انکلیو کے وسط میں واقع کیمپ میں عمارتیں تباہ ہوئی ہیں اوربعض کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ لوگ اپنے ہاتھوں سے ملبے کو صاف کرنے اور دبے ہوئے افراد کو تلاش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
اسرائیل حماس جنگ کا آغاز سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر دہشت گرد حملے کے بعد ہوا تھا ، جس میں 1200 لوگ مارے گئے تھے ۔ اسرائیل کی جوابی کارروائیوں میں حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق اب تک تقریباً 42,000 فلسطینی مارے گئے ہیں۔ غزہ کے 23 لاکھ افراد میں سے زیادہ تر بے گھر ہو چکے ہیں اور انسانی حالات تیزی سے ابتر ہو رہے ہیں۔
اسرائیل نے اپنے ملک کی حدود تک آنے والی حزب اللہ کی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کی فورسز نے حزب اللہ کی اس سرنگ کو تباہ کر دیا ہے جو اس کی ملکی حدود تک آتی تھی۔ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں زمینی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
فوج کے ترجمان ڈینیئل ہیگاری نے ٹیلی ویژن پر ایک بریفنگ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 25 میٹر لمبی اس سرنگ کو ناکارہ کر دیا ہے جو سرحد پر لگی باڑ کے نیچے سے گزرتی ہوئی دس میٹرتک اسرائیلی علاقے میں کھلتی تھی۔
’’ ہم نے کچھ مہینے پہلے اس سرنگ کو تلاش کر لیا تھا، ہم نے اس بارے میں تحقیقات کیں اور اب ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ ہم اس کو ناکارہ بنا رہے ہیں۔‘‘