امریکی ایلچی کی بیروت میں اسرائیل اور لبنان سرحد پر لڑائی کے خاتمے کی کوشش
امریکی ایلچی آموس ہاک اسٹین نے پیر کو بیروت میں اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر لڑائی کے خاتمے کے بارے لبنانی رہنما سے بات چیت کی۔
ہاک اسٹین کا بیروت کا دورہ اس سفارتی کوشش کے حصہ ہے جس کے تحت امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن بھی غزہ میں جنگ بندی کی کوشش میں خطے کا دورہ کر رہے ہیں۔
امریکی ایلچی نے بتایا کہ ان کی لبنانی پارلیمان کے اسپیکر نبی بیری سے تعمیری ملاقات رہی ۔
ہاک اسٹین لبنان کے حکومتی اور عسکری رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ان کا کہنا ہے وہ ہر اس رہنما سے ملنے کو تیار ہیں جو لبنان کو "استحکام، سلامتی، اور اقتصادی خوشحالی" کی راہ پر ڈالنا چاہتا ہے۔
ہاک اسٹین نے رپورٹروں سے بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی سال 2006 کی قرارداد 1701 کاحوالہ دیا جس کے تحت حزب اللہ کو اپنے جنگجوؤں کو لتانی دریا کے شمال تک واپس لے جانا شامل ہے تاکہ اسرائیل لبنان سے اپنی فوجیں واپس بلا سکے۔
سفارت کار نے کہا کہ اس قرارداد پر عمل درآمد کی کوئی کوشش نہیں کی گئی اور یہ کہ دونوں فریقوں کی جانب سے اس پر عمل کرنے کا عزم ناکافی ہے۔
لبنان: تین ہفتوں کے دوران چار لاکھ بچے بے گھر ہو چکے ہیں: اقوامِ متحدہ
اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ تین ہفتوں میں لبنان میں لگ بھگ چار لاکھ بچےبے گھر ہو چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق اقوامِ متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے (یونیسیف) نے خبردار کیا ہے کہ جنگ کی وجہ سے بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں اور بہت سے اسکولز کو عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں لبنان میں اسرائیل کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور اب تک درجنوں افراد اسرائیلی حملوں میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دوسری جانب حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پر راکٹ داغنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق جنگ کی وجہ سے لبنان میں اب تک 12 لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
غزہ میں 92 ہزار بچوں کو انسدادِ پولیو ویکسین دی گئی: اقوامِ متحدہ
اقوامِ متحدہ کی صحت سے متعلق ایجنسی ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ غزہ میں 10 برس سے کم عمر کے 92 ہزار بچوں کو انسدادِ پولیو ویکسین دی جا چکی ہے۔
حکام کے مطابق غزہ میں انسدادِ پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ جاری ہے۔
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا تھا کہ غزہ میں پانچ لاکھ نوے ہزار بچوں کو ویکسین دینے کا ہدف ہے جن میں دوسرے مرحلے میں ایک لاکھ ستر ہزار بچوں کو ویکسین دینے کی کوشش کی جائے گی۔
اسدود میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والا پولیس اہلکار تھا
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسدود شہر میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والا شخص پولیس اہلکار ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسدود کی ہائی وے پر حملہ کرنے والا مسلح شخص پیدل ہی اس مقام تک آیا تھا۔ اس نے پولیس پر فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر اہلکار زخمی ہوا تھا۔ اس اہلکار کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جب راستے میں اس کی موت ہو گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے پہلے پولیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں اس نے عام شہریوں کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی۔
حکام حملہ آور کی ہلاکت کی تصدیق کر چکے ہیں تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔