رسائی کے لنکس

بھارتی 'مگ 21' طیارہ گر کر تباہ، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے


رواں سال تباہ ہونے والا بھارتی ایئرفورس کا یہ بارہواں طیارہ ہے. (فائل فوٹو)
رواں سال تباہ ہونے والا بھارتی ایئرفورس کا یہ بارہواں طیارہ ہے. (فائل فوٹو)

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں گوالیار ایئر بیس کے قریب ایک مگ 21 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ رواں سال تباہ ہونے والا بھارتی ایئر فورس کا یہ بارہواں طیارہ ہے۔

بھارتی ٹی وی چینل 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق بھارتی ایئر فورس کے تربیتی طیارے میں ایک گروپ کیپٹن اور ایک اسکواڈرن لیڈر سوار تھے۔ جو کہ بحفاظت طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہے۔

بھارتی ایئر فورس کی طرف سے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

رواں سال فروری میں ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھامن کا تباہ ہونے والا مگ 21 طیارہ بھی اسی قسم کا طیارہ تھا۔ جسے مبینہ طور پر پاکستانی ایف 16 طیارے نے مار گرایا تھا۔

ستائیس فروری کو پیش آئے واقعے میں ونگ کمانڈر ابھینندن طیارے سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ جنھیں پاکستان نے گرفتار کرنے کے بعد بھارت کے حوالے کیا تھا۔

بھارتی فضائیہ کے مطابق مگ 21 سوویت دور کا فضا سے زمین پر ہدف کو نشانہ بنانے والا طیارہ ہے جو ایک انجن پر مشتمل ہے۔

مگ 21 طیارے کو بھارتی ایئرفورس کے بیڑے میں 1960 میں چین کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے بعد شامل کیا گیا تھا۔

بھارتی طیارہ گرنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ جس میں تباہ ہونے والے طیارے کے علاوہ ونگ کمانڈر ابھینندن کی تصاویر کو استعمال کر کے مختلف میمز شیئر کی جارہی ہیں۔

عبداللہ شاہد نامی ٹوئٹ صارف نے ونگ کمانڈر ابھینندن اور تباہ ہونے والے بھارتی مگ 21 طیارے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ بھارت کو فخر کرنے کے لیے ایک اور ہیرو مل گیا۔

آفتاب حسن نے تباہ ہونے والے طیارے مگ 21 سے بحفاظت نکلنے والے پائلٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں مگ 21 طیارے ماہانہ بنیادوں پر کامیابی سے تباہ کیے جاتے ہیں۔

بلال طاہر نے کرکٹ ورلڈ کپ میں وائرل ہونے والی پاکستانی فین کے چہرے پر بھارت کے بانی مہاتما گاندھی کا چہرہ چسپاں کر کے ٹوئٹ کی کہ گاندھی جی ایک اور بھارتی طیارہ تباہ ہونے کے بعد۔

مشہور پاکستانی سوشل میڈیا شخصیت ڈاکٹر فرحان ورک نے تباہ ہونے والے بھارتی طیارے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا کہ چائے بہت عمدہ ہے۔

سعید محمد ریحان نے ٹوئٹ میں کہا کہ آج بھارت کے فخر کرنے کے لیے ایک اور پائلٹ پیدا ہوگیا۔

ونگ کمانڈر ابھینندن اور ایف سولہ طیارے کی تصاویر ٹوئٹ کرتے ہوئے نعمان بن یونس نے لکھا کہ ‘دی کریش کنگ’ ۔ ان کو ایف سولہ چاہیے۔

XS
SM
MD
LG