رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ خارجہ کا افغان صدر سے رابطہ، صدارتی الیکشن پر تبادلہ خیال


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی سے جمعرات کو فون پر بات کی ہے جس میں انہوں نے 28 ستمبر کو افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ نے صدر اشرف غنی کو کہا ہے کہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور اداروں کا کردار شکوک و شبہات سے بالا ہونا چاہیے۔ تاکہ انتخابی نتائج کی قانونی حیثیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

دفترِ خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ طالبان اور داعش کے شدّت پسند گروہوں کی مذمت کرتا ہے جنہوں نے افغان شہریوں کو ان کے حقِ رائے دہی سے محروم رکھنے کے لیے پرتشدد کارروائیوں کی دھمکی دی ہے۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے ایک ٹوئٹ میں امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو سے گفتگو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں صدراتی انتخابات اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بات ہوئی ہے تاکہ افغان شہری انتخابات میں پرامن طریقے سے اپنے ووٹ کا استعمال کر سکیں۔

اس موقع پر صدر اشرف غنی نے مستحکم افغانستان کے لیے امریکہ کی معاونت اور شراکت داری کا شکریہ بھی ادا کیا۔

افغانستان میں شفاف انتخابات کے لیے کام کرنے والے ایک غیر سرکاری ادارے فری اینڈ فیئر الیکشن فورم آف افغانستان‘ سے وابستہ یوسف رشید نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقوں کی کوششوں اور تعاون سے انتخابی عمل کو شفاف بنایا جا سکتا ہے۔

ان کے بقول بین الاقوامی اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کی کوشش سے شفاف انتخابات کرانا مشکل نہیں ہوگا لیکن صدراتی انتخاب کے دوران امن و امان قائم رکھنا ایک چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر افغان شہریوں کو ووٹ دینے کے حق سے محروم رکھنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب افغان چیف الیٹکورل آفیسر نے کہا ہے کہ 28 ستمبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن کے عمل کا ہزاروں انتخابی مبصرین مشاہدہ کریں گے۔ جن میں ان کے بقول 116 غیر ملکی انتخابی مبصرین بھی شامل ہوں گے۔

افغانستان کے الیکشن کمیشن کے چیف الیکٹورل آفیسر نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ہفتے کو ہونے والے انتخابات کے لیے 446 انتظامی حلقے قائم کیے گئے ہیں۔

افغانستان میں سکیورٹی سے متعلق عہدے داروں نے افغان عوام کو صدارتی انتخابات کے موقع پر مؤثر سکیورٹی اقدامات کرنے کی یقینی دہانی بھی کرائی ہے۔

XS
SM
MD
LG