رسائی کے لنکس

ثانیہ مرزا: شادی کے بعد ٹینس کو خیر باد


بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے اس اعلان نے ٹینس کے شائقین کو مایوس کردیا ہے کہ وہ شادی کے بعد ٹینس کو خیرباد کردیں گی۔ میڈیا کو ایک انٹرویو میں ثانیہ نے شادی کے وقت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تاہم اتنا کہا کہ وہ اس کے بعد ٹینس سے دوری اختیار کرلیں گی۔

ثانیہ کے بچپن کے دوست سہراب مرزا سے جولائی2009ء میں ان کی منگنی ہوئی۔ میڈیا کو ایک انٹرویو میں ثانیہ نے کہا کہ فی الوقت میرا ارادہ شادی کے بعد پروفیشنل کھیل سے دوری کا ہے تاہم اس کے لئے ابھی وقت ہے۔ سہراب مرزا نے منگنی سے قبل کہا تھا کہ ثانیہ کو کھیلنے اور کیرئیر کے بارے میں فیصلہ کرنے کی مکمل آزادی ہوگی۔ وہ جو بھی فیصلہ کریں اس میں میرا مکمل تعاون رہے گا۔ وہ کب تک کھیلنا چاہیں گی اس کا انحصار ان ہی پر ہے۔

ثانیہ کے والد عمران مرزا سے جب پوچھا گیا کہ شادی کے بعد کھیل سے دوری کا فیصلہ ثانیہ کا ہے؟ انہوں نے کہا کہ فی الوقت یہ ان کا فیصلہ ہے اگر وہ بعد میں اس فیصلے کو تبدیل کرلیں تو یہ ان کی مرضی ہوگی۔


حیدرآبادی سنسیشن ثانیہ مرزا نے اپنے کھیل سے دنیا بھر میں بھارت کا نام روشن کیا۔ گزشتہ سال مہیش بھوپتی کے ساتھ آسٹریلین مکسڈ ڈبلز جیت کر وہ بھارت کی پہلی خاتون گرانڈ سلیَم بننے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔

2010ء کے آغاز پر بہتر مظاہرہ نہ کرنے کے بارے میں سوال پر ثانیہ مرزا نے کہا کہ جیت ہار کھیل کا حصہ ہوتا ہے، ٹینس جیسے عالمی کھیل میں دنیا کے 220 ممالک کے کھلاڑی مقابلہ کرتے ہیں لیکن سوائے ٹاپ ٹن کھلاڑیوں کے کوئی بھی مسلسل کامیاب نہیں ہوتا۔

2008ء میں ہاتھ میں زخم کے باعث ثانیہ کو چھ ماہ تک آرام کرنا پڑاتھا۔ ثانیہ مرزا 2009ء کے کھیل سے مطمئن ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ 2010ء ان کے لئے بہتر اور کسی بھی زخم سے پاک رہے گا۔

XS
SM
MD
LG