رافیل نڈال اور اینڈی مرے آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئےہیں جبکہ سوئیڈن کے رابن سوڈرلنگ نسبتاً جونیئر حریف سے شکست کھانے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
پیر کے روز آسٹریلین اوپن ٹینس کے سنگلز میچز میں عالمی نمبر ایک رافیل نڈال کا مقابلہ کروشیا کے میرن سیلیک سے تھا جنہیں انہوں نے 2-6، 4-6 اور 3-6 سے شکست دی۔
نڈال کے آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کرنے کے بعد یہ امکان روشن ہوگیا ہے کہ وہ بیک وقت تمام چار گرینڈ سلیم ٹائٹلز کے حامل دنیا کے تیسرے اور 1969 کے بعد سے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
ایونٹ کے دوسرے میچ میں عالمی نمبر پانچ برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے اپنے حریف آسٹریا کے جورگین میلٹزر کو 3-6، 1-6اور 1-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
پیر کے روز ایونٹ کا ایک بڑا اپ سیٹ بھی سامنے آیا جب عالمی نمبر چار سوئیڈن کے رابن سوڈرلنگ اپنے مقابل یوکرین کے الیگزنڈر ڈولگو پولوو سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
دونوں کھلاڑیوں نے شاندر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو، دو سیٹس جیتے، تاہم فیصلہ کن سیٹ میں یوکرین کے کھلاڑی نے کامیابی حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔ ڈولگو پولوو نے یہ مقابلہ 6-1، 3-6، 1-6، 6-4، اور 2-6 سے جیتا۔ وہ یوکرین کے دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے 1999ءکے بعد سے کسی گرینڈ سلیم ایونٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔
خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبر دو ویرا زووناریوا اور چیک ری پبلک کی پیٹر کیوی ٹووا کوارٹر فائنلز تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔