رسائی کے لنکس

مارٹن لوتھرکنگ کا یوم پیدائش اورحلف برداری تقریبات ایک ساتھ: صدر ٹرمپ کاانکے خواب کو حقیقت بنانے کا عزم


واشنگٹن میں لوگ مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی یارگار پر ہونے والی ایک تقریب میں جمع ہیں۔ 16 جنوری 2023
واشنگٹن میں لوگ مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی یارگار پر ہونے والی ایک تقریب میں جمع ہیں۔ 16 جنوری 2023
  • امریکی سول رائٹس تحریک کے بانی مارٹن یوتھر کنگ جونیئر کی سالگرہ پر 20 جنوری کو وفاقی تعطیل ہوتی ہے۔
  • اس سال صدر ٹرمپ کی حلف برداری اور ڈاکٹر کنگ جونیئر کی سالگرہ کی تقریبات ایک ہی روز ہوئیں۔
  • ٹرمپ نے اپنی پہلی تقریر میں کنگ جونیئر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر ان کے خواب کو حقیقت بنانے کی کوشش کریں گے۔
  • کنگ جونیئر کا خواب امریکہ میں سب کے لیے برابر کے حقوق تھا۔
  • کنگ جونیئر کو 4 اپریل 1968 میں میمفس میں گولی مار دی گئی تھی۔

امریکہ میں اس سال 20 جنوری کو ایک ساتھ دو تقریبات ہوئیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور امریکہ میں سیاہ فاموں کے حقوق کی تحریک کے قائد مارٹن لوتھر کنگ جونئیر کے سالگرہ کا دن منایا گیا۔

کنگ جونیئر کی پیدائش 15 جنوری 1929 کو ہوئی تھی جو منگل کا دن تھا۔ امریکہ میں چونکہ زیادہ تر تعطیلات پیر کو کی جاتیں ہیں، اس لیے ان کا یوم پیدائش ہر سال جنوری کے تیسرے ہفتے کو منایا جاتا ہے۔

نئے امریکی صدر کی حلف برداری کے لیے 20 جنوری کا دن طے ہے جس کا انعقاد ہر چوتھے سال ہوتا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف برداری کے بعد اپنے پہلے خطاب میں مارٹن لوتھرکنگ کو ان الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔‘ ہم مل کر ان کے (کنگ جونیئر) خواب کو حقیقت بنانے کی کوشش کریں گے‘۔

تاہم یہ پہلا ایسا موقع نہیں ہے کہ حلف برداری اور سول رائٹس تحریک کے رہنما کی سالگرہ کا دن ایک ہی روز آیا ہے۔ جب سے انکے یوم پیدائش کی وفاقی تعطیل شروع ہوئی ہے، یہ تیسرا ایسا موقع ہے کہ صدارتی حلف برداری کی تقریبات بھی اسی روز ہو رہی ہیں۔ اس سے قبل بل کلنٹن اور باراک اوباما کی حلف برداری بھی کنگ جونیئر ڈے کے موقع پر ہوئی تھی۔

مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اٹلانٹا میں ایک تقریب میں تقریر کر رہے ہیں۔ 1960 فائل فوٹو
مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اٹلانٹا میں ایک تقریب میں تقریر کر رہے ہیں۔ 1960 فائل فوٹو

مارٹن لوتھرکنگ جونیئر کو ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس میں 4 اپریل 1968 کو اس وقت لورین موٹل کی بالکونی میں گولی مار دی گئی تھی جب وہ صفائی کرنے والے کارکنوں کی ہڑتال کی حمایت کے لیے وہاں موجود تھے۔ بعد میں اس موٹل کو نیشنل سول رائٹس میوزیم میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔

کنگ جونیئر نے اپنی زندگی امتیازی سلوک کے خاتمے اور سیاہ فاموں کو سفید فاموں کے برابر حقوق دلانے اور امریکی معاشرت میں معاشی اور سماجی یکجہتی کے فروغ کے لیے وقف کر دی تھی۔

ساؤتھ کیرولائنا میں ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے سربراہ جمی ہیریسن کولمبیا میں مارٹن لوتھر کنگ ڈے ہر تقریر کر رہے ہیں۔ 20 جنوری 2025
ساؤتھ کیرولائنا میں ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے سربراہ جمی ہیریسن کولمبیا میں مارٹن لوتھر کنگ ڈے ہر تقریر کر رہے ہیں۔ 20 جنوری 2025

اٹلانٹا میں ان کے یوم پیدائش پر خصوصی سروس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی اٹلانٹا چرچ کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور آس پاس کی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

جارجیا کے شہر اسٹون ماؤنٹین کے لولی ایڈورڈ لگ بھگ 20 برسوں سے سالانہ سروس میں شرکت کر رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ کنگ نے جس تحریک کی قیادت کی وہ اب بھی زندہ ہے۔ ڈاکٹر کنگ کی تحریک صرف اٹلانٹا کے لیے نہیں بلکہ پورے امریکہ کے لیے تھی۔

نیشول، ٹینیسی میں مارٹن لوتھر کنگ جونیئر ڈے کے موقع پرایک ریلی کا منظر۔ 20 جنوری 2025
نیشول، ٹینیسی میں مارٹن لوتھر کنگ جونیئر ڈے کے موقع پرایک ریلی کا منظر۔ 20 جنوری 2025

ساؤتھ کیرولائنا کے شہر کولمبیا میں اس دن کے موقع پر ریلی نکالنےکی ابتدا سال 2000 میں ہوئی تھی۔ اس بار کیرولائنا کی یہ 25 ویں تقریب تھی۔ ایک نوجوان طالب علم مائیکل پارکر کاکہنا تھا کہ ڈاکٹر کنگ کا خواب اس دنیا کو بہترین جگہ بنانا تھا۔ اس خواب کی تکمیل کے لیے ابھی بہت سا کام کرنا باقی ہے۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات اے پی سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG