بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جو اس سے پہلے بھی کئی بار وائٹ ہاؤس کے مہمان بن چکے ہیں، اس سال کے وسط میں صدر جو بائیڈن ایک بار پھر ان کی میزبانی کریں گے۔
اس سے قبل نریندر مودی لگ بھگ نصف درجن موقعوں پر وائٹ ہاؤس جا چکے ہیں لیکن ان کے یہ دورے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس یا دوسری تقریبات کے سلسلے میں ہوتے تھے، لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ وہ امریکہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر بائیڈن نے وزیر اعظم مودی کو اس دورے کی دعوت دی ہے اور دونوں ملکوں کے عہدے دار دورے کی تاریخ کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ دورہ جون یا جولائی میں ہو گا۔
اس دورے میں وائٹ ہاؤس میں سرکاری ضیافت اور دوسری تقریبات کے ساتھ ساتھ انہیں کانگریس کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت بھی دی جائے گی۔
اس دورے کے بعد سمتبر میں بھارت جی۔20 کانفرنس کی میزبانی کرے گا جو سفارتی تاریخ کا ایک سنگ میل ہو گا۔
اس سے قبل بھارتی وزیراعظم کا امریکہ کا سرکاری دورہ نومبر 2009 میں ہوا تھا جب اس وقت کے امریکی سدر براک اوباما نے وائٹ ہاؤس میں وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی میزبانی کی تھی۔