رسائی کے لنکس

چارسدہ: بم دھماکے میں پولیس اہلکار ہلاک


چارسدہ: بم دھماکے میں پولیس اہلکار ہلاک
چارسدہ: بم دھماکے میں پولیس اہلکار ہلاک

صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع چارسدہ میں ہفتہ کی صبح پولیس کی ایک چوکی کے قریب بم دھماکے سے ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

مقامی پولیس کے مطابق چارسدہ کی تحصیل شب قدر کے ڈنڈو پل نامی جس علاقے میں یہ دھماکا ہوا وہ قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کی سرحد پر واقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں نے رات کی تاریکی میں بارودی مواد چوکی کے قریب زمین میں نصب کیا تھا جس میں صبح کے وقت دھماکا کیا گیا۔

دھماکے کے وقت چوکی پر لگ بھگ ایک درجن اہلکار تعینات تھے۔

دریں اثناء خیبر ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف فرنٹیئر کور کے دستوں کی کارروائی میں حکام نے 30 مشتبہ جنگجوؤں کو گرفتار کرنے اور ان کے زیر استعمال پانچ ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایف سی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک دین خیل اور اکا خیل نامی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف اکتوبر کے اواخر سے جاری کارروائی میں اب درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

خیبر ایجسنی کی تحصیل باڑہ کے شورش زدہ علاقوں میں فرنٹیئر کور کا آپریشن شروع ہونے کے بعد سے سینکڑوں خاندان نقل مکانی کر چکے ہیں۔ پشاور میں آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے ترجمان عدنان خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ان میں سے لگ بھگ سات ہزار افراد جلوزئی کے مقام پر سرکاری خیمہ بستی میں مقیم ہیں جنہیں اقوام متحدہ کے تعاون سے امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG