اسپینش ٹی وی سیریز 'لا کاسا دی پاپیل' کو جب آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر انگریزی میں ڈب کر کے 'منی ہائیسٹ' کے نام سے ریلیز کیا گیا تو اسے دنیا بھر سے خوب پذیرائی ملی۔
رواں برس جب تین ستمبر کو 'منی ہائیسٹ' کے سیزن فائیو کا پہلا حصہ ریلیز ہوا تو مداحوں کو 'ٹوکیو' کی موت نے مایوس کیا۔
پانچ اقساط پر مبنی سیزن فائیو کے پہلے حصے میں کہانی بینک ڈکیتی کے ساتھ ماضی کے واقعات بھی دکھاتی ہے۔ جیسے پروفیسر کا بھائی، ڈینور کا باپ اور ٹوکیو کا عاشق، سب فلیش بیک کے ذریعے نظر آتے ہیں۔
سیزن فائیو کے پہلے حصے کے بعد صارفین کو آخری سیزن کا بے صبری سے انتظار تھا۔
چار برس قبل اسپینش ٹی وی پر ڈیبیو کرنے والی اس سیریز کے پانچویں سیزن کا آخری حصہ اس ویک اینڈ یعنی تین دسمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوا۔
پانچویں سیزن کی آخری پانچ اقساط نے جہاں شائقین کو اپنی جانب مبذول کیا وہیں اس کا اختتام بھی بہترین انداز میں ہوا۔
سیزن کے اختتام پر 'منی ہائیسٹ' کا ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا اور صارفین نے اس پر خوب گفتگو کی۔
'منی ہائیسٹ' کے اختتام پر مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شائقین نے مزیدار تبصرے کیے اور ساتھ ہی سیریز میں پاکستان کی مختصر سی جھلک کو خوش آئند قرار دیا۔
کسی نے مارسے اور بنجمن کو 'منی ہائیسٹ 'کا اَن سنگ ہیرو کہا۔
کسی نے 'منی ہائیسٹ' کے انجام کو بہترین قرار دیا۔
ایک صارف نے کہا کہ 'منی ہائیسٹ' کے ختم ہونے کے بعد انہیں اندازہ نہیں ہے کہ وہ اب کیا کریں گے۔
علاوہ ازیں سیریز میں پروفیسر کا کردار ادا کرنے والے اداکار ایلورو مورتے نے بھی 'منی ہائیسٹ' کو پسند کرنے والے شائقین کا شکریہ ادا کیا۔
'منی ہائیسٹ' کی مقبولیت کی وجہ کیا ہے؟
دنیا بھر میں مقبول ہونے والی اسپینش ٹی وی سیریز 'لا کاسا دی پاپیل' کا آغاز 2017 میں اس وقت ہوا تھا جب اسے اسپینش ٹی وی نیٹ ورک 'اینٹینا تھری' پر نشر کیا گیا تھا۔
بعد ازاں نیٹ فلکس نے اسے اپنے پلیٹ فارم پر اقساط کا دورانیہ کم اور تعداد بڑھا کر 'منی ہائیسٹ' کے نام سے نشر کیا۔
'منی ہائیسٹ' کی کہانی ایک ایسے گروہ کے گرد گھومتی ہے جو پہلے دو سیزن میں 'رائل منٹ آف اسپین' میں ایک کامیاب ڈاکا ڈالتا ہے۔ اس کے بعد یہی گروہ اپنے ایک ساتھی کی گرفتاری کے بدلے میں 'بینک آف اسپین' میں موجود سونا لوٹتا ہے۔
اس گروہ کا سربراہ 'پروفیسر' کے نام سے مقبول شخص ہوتا ہے جو اسے ایک منظم طریقے سے لے کر چلتا ہے اور اپنے بھائی برلن سمیت گروہ کے کئی ممبران کی ہلاکت اس کو پریشان کرتی ہے لیکن اس کے باوجود اس کی ہمت نہیں ٹوٹتی۔
گروہ کے تمام ممبران اپنے اصل ناموں کے بجائے دنیا بھر کے مشہور شہروں کے نام سے جانے جاتے ہیں جس میں ٹوکیو، لزبن، برلن، ماسکو، نیروبی، ریو، اور ڈینور شامل ہیں۔
'منی ہائیسٹ' کے پانچوں سیزن کی کہانی اس ہی ڈکیتی کے گرد گھومتی ہے جس کے پہلے حصے میں ٹوکیو نے اپنی جان دے کر چند فوجیوں کو ہلاک کیا لیکن ساتھ ہی اس نے اپنے ساتھیوں کو وہ مہلت بھی فراہم کی جس کی انہیں تلاش تھی۔
پانچویں سیزن کے دوسرے حصے کی کہانی
'منی ہائیسٹ' کے پانچویں سیزن کے پہلے حصے کی آخری قسط میں 'ٹوکیو' کی موت سے ملنے والے وقفے نے نہ صرف ٹیم کو دوبارہ متحرک کیا بلکہ حکومتی عہدیداروں کو بھی پریشان کر دیا تھا۔
اس وقفے میں نہ صرف پروفیسر نے ایلیشیا سیئرا کی کچھ اس طرح مدد کی کہ وہ پروفیسر کا ساتھ دینے پر راضی ہو گئیں بلکہ بینک میں موجود ساتھیوں کی مشکلات میں بھی کمی آئی۔
البتہ جہاں چند شائقین 'ٹوکیو' کی قربانی کو عظیم قرار دے رہے ہیں وہیں متعدد مداحوں کے خیال میں کہانی کا راوی بھی تبدیل ہونا چاہیے تھا کیوں کہ جب ٹوکیو نہ رہی تو کہانی ٹوکیو کیسے سنا سکتی ہے؟
یہی نہیں سیریز کے آخری اور فیصلہ کن حصے میں کئی موڑ ایسے بھی آئے جس میں پروفیسر سمیت کئی افراد پریشان نظر آئے۔
کیا آنے والے دنوں میں پروفیسر دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے؟
ایک طرف پاکستان میں موجود 'منی ہائیسٹ' کے چاہنے والے خوش ہیں کہ سیریز کے اختتام پر بھی پاکستانی ہیکرز نے ان کا ساتھ نہیں چھوڑا تو دوسری جانب دنیا بھر میں موجود مداح پروفیسر کی واپسی کے منتظر ہیں۔
کیا دو کامیاب ڈاکے ڈالنے کے بعد پروفیسر اور ان کی ٹیم واپس آئے گی یا پھر سیزن فائیو ان کے لیے الوداعی ثابت ہو گا؟
'منی ہائیسٹ' کے پانچویں سیزن کے دوسرے حصے کی لانچ کی تقریب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سیریز کے پروفیسر ایلوارو مورتے نے اگلے سیزن کے بارے میں شکوک و شبہات کو رد کرتے ہوئے بتایا کہ پانچواں سیزن سیریز کا آخری سیزن تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیریز کو درست وقت پر ختم کرنا ہی اس کی کامیابی ہے کیوں کہ تمام کرداروں کی کہانیاں سنائی جا چکی ہیں اور اسے آگے لے جانا عقل مندی نہیں ہوگی۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر اس سیریز کو آگے لے جانے کی کوشش کی گئی تو شاید مداحوں کو اچھا نہیں لگے گا۔ یہ وقت سیریز ختم کرنے کا بہترین وقت ہے۔
تاہم شائقین کے لیے ایک خوش خبری یہ ضرور ہے کہ 'برلن' کے کردار کے گرد گھومنے والی ایک نئی سیریز کا اعلان کیا جا چکا ہے جو 2023 میں نیٹ فلکس پر ہی ریلیز کی جائے گی۔
ادھر جنوبی کوریا میں بھی 'منی ہائیسٹ' کا ایک ورژن بن رہا ہے جس میں 'اسکوئڈ گیم' میں شرکت کرنے والے اداکار پارک ہے سو بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
'برلن' سیریز میں ماسٹر مائنڈ کون ہو گا؟
امکان تو یہ ہے کہ 'برلن' سیریز کی کہانی 'منی ہائیسٹ' کے ڈاکوں سے قبل شروع ہو گی اور اس میں برلن کی پانچ بیویوں سمیت باپ اور بھائی (پروفیسر) کا بھی ذکر ہو گا۔
سیریز میں اداکار پیدرو الونسو 'برلن' کا کردار ادا کریں گے لیکن شائقین کو اس سیریز کا انتظار کیوں ہو گا؟
یاد رہے کہ 'منی ہائیسٹ' میں برلن کا کردار سیریز کے دوسرے سیزن کے آخر میں اپنی جان دے کر ساتھیوں کی مدد کرتا ہے اور باقی تین سیزن میں فلیش بیک کے ذریعے کہانی سے جُڑا رہتا ہے۔
شائقین نے نہ صرف یہ کردار بلکہ اس کے ڈائیلاگ کو بھی خوب پسند کیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ پروڈیوسرز نے جب سیریز کا اسپن آف بنانے کا سوچا تو سب سے پہلا نام برلن کا ہی آیا۔
برلن کی پانچویں اور آخری بیوی تاتیانا سے تو 'منی ہائیسٹ ' دیکھنے والے واقف ہی ہیں لیکن ان کی باقی چار بیگمات کون تھیں اور انہوں نے کیوں برلن سے کنارہ کشی اختیار کی تھی؟ اس کے لیے مداحوں کو 'برلن' کا انتظار کرنا پڑے گا۔