رسائی کے لنکس

کراچی: کاروباری سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان واپس


ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے مطابق، واقعے کے خلاف سوگ کی فضا برقرار رکھی جائے گی۔ تاہم، کمیٹی نے تاجروں کی درخواست پر کاروبار زندگی معطل رکھنے کا اعلان واپس لے لیا، اور کہا ہے کہ بدھ کو معمول کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں

کراچی ... لاہور کے علاقے ماڈل ٹاوٴن میں دینی جماعت ’منہاج القرآن‘ کے سیکریٹریٹ سے رکاوٹیں ہٹانے کے نتیجے میں پیش آنے والے واقعہ کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بدھ کو کاروباری و تجارتی سرگرمیاں اور ٹرانسپورٹ معطل رکھنے کے لئے کیا جانے والا اعلان واپس لے لیا گیا ہے۔

متحدہ کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعہ کے خلاف سوگ کی فضا برقرار رکھی جائے گی۔ تاہم، کمیٹی نے تاجروں کی درخواست پر کاروبار زندگی معطل رکھنے کا اعلان واپس لے لیا۔ لہذا، بدھ کو معمول کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔

اعلان واپس لئے جانے کے ساتھ ہی کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر، ارشاد بخاری نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں بدھ کو معمول کے مطابق ٹرانسپورٹ چلے گی۔

اس سے قبل منگل کی دوپہر رابطہ کمیٹی نے ماڈل ٹاوٴن واقعے کے خلاف ’یوم سوگ‘ کا اعلان کیا تھا جس میں تاجروں کو تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رکھنے اور ٹرانسپورٹرز سے ٹرانسپورٹ نہ چلانے کی بھی اپیل کی گئی تھی۔ واقعے میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے جو منہاج القرآن نامی دینی جماعت کے کارکن اور ہمدرد بتائے جاتے ہیں۔

کراچی تاجر اتحاد اور دیگر تجارتی و کاروباری تنظیموں نے ایم کیوایم سے ’یوم سوگ‘ پر نظر ثانی کی اپیل کی تھی۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ کراچی میں رواں پہلے ہی دو دنوں تک کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معطل رہی تھیں، جس کے سبب شہرکو کئی کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔ اب ایک ہی ماہ میں تیسری مرتبہ تجارتی سرگرمیوں کی معطلی ان کے لئے انتہائی نقصان دے ہوگی۔

واقعہ کا ذمے دار ثابت ہونے پر مستعفی ہوجاوٴں گا، شہبار
ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبار شریف کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائیں گے اور اگر وہ ذمہ دار ثابت ہوئے تو مستعفی ہو جائیں گے۔منگل کی شام لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں واقعے پر دلی افسوس ہے، وہ متاثرہ خاندانوں کے افراد اور منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے تعزیت کرتے ہیں۔

انہوں نے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب تک تحقیقات سامنے نہیں آجاتیں وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے عوام سے پرامن رہنے کی تلقین کی۔
XS
SM
MD
LG