رسائی کے لنکس

کراچی میں PS-94 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کی باآسانی کامیابی


کراچی کے ضمنی انتخاب میں پولنگ۔
کراچی کے ضمنی انتخاب میں پولنگ۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ اسمبلی کی نشست PS-94 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار کو باآسانی شکست دے دی۔

آج اتوار کے روز ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں کورنگی کے حلقے کے تمام پولنگ سٹیشنوں سے موصول ہونے والے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے اُمیدوار سید ھاشم رضا نے 21,537 ووٹ حاصل کئے جبکہ پی ٹی آئی کے محمد اشرف 8,970 اور ایم کیو ایم حقیقی اور پاک سر زمین کے نمائیندوں کے حق میں بالترتیب 5,806 اور 1,416 ووٹ آئے۔

اس حلقے کے تمام پولنگ سٹیشنوں میں پولنگ کا آغاز سخت سیکورٹی میں صبح 8 بجے ہوا اور یہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ کسی بھی پونگ سٹیشن سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ وقت ختم ہونے پر جو ووٹر پولنگ سٹیشنوں کے اندر موجود تھے، اُنہیں وقت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔

ووٹوں کی گنتی کا عمل کئی گھنٹے جاری رہا۔

کورنگی کراچی کی یہ سیٹ PS-94 کراچی III ایم کیو ایم پاکستان کے ایم پی اے محمد وجاہت کے گزشتہ برس انتقال کر جانے سے خالی ہو گئی تھی۔

اس نشست کے انتخاب میں کل 28 اُمیدوار میدان میں اترے۔ تاہم غیر سرکاری نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقابلہ صرف ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے اُمیدواروں کے درمیان تھا اور یہ سیٹ ایم کیو ایم کے اُمیدوار سید ھاشم رضا نے باآسانی جیت لی۔

اس نشست کیلئے ووٹنگ سے محض تین روز قبل نادرہ کے ایک دفتر سے 1,800 کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ چوری کر لئے گئے تھے۔ نادرا کا یہ دفتر اسی حلقے PS-94 میں واقع ہے۔ تاہم پاکستان رینجرز نے اگلے روز دعویٰ کیا کہ اُس نے مشتبہ چور کر گرفتار کر کے اُس کے قبضے سے 803 شناختی کارڈ برآمد کر لئے جبکہ باقی مسروقہ شناختی کارڈوں کی تلاش جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG