رسائی کے لنکس

محمد عامر لارڈز ٹیسٹ کیلئے مکمل طور پر فِٹ


آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میں محمد عامر نے گیری ولسن کو بولڈ کر دیا
آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میں محمد عامر نے گیری ولسن کو بولڈ کر دیا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ محمد عامر 100 فیصد فٹ ہیں اور اُن کے دائیں گھٹنے کی تکلیف اب بالکل ختم ہو چکی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عامر لارڈز ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے بے تاب ہیں۔

محمد عامر نے نیٹ پریکٹس میں پوری رفتار سے بالنگ کی اور وہ مکمل طور پر فٹ دکھائی دئے۔

بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بعد عامر نے لارڈز کے میدان میں ہی اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔ اُس وقت پاکستانی ٹیم متوازن تھی اور محمد عامر توجہ کا مرکز نہیں تھے۔ تاہم، اس مرتبہ صورت حال یکسر مختلف ہے اور ٹیم منیجمنٹ اس ٹیسٹ میں محمد عامر کی کارکردگی کے حوالے سے خاصی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہے ۔

موجودہ ٹیم میں عامر سب سے زیادہ تجربہ کار تیز بالر ہیں۔ گزشتہ ہفتے آئرلینڈ میں کھیلا جانے والا واحد ٹیسٹ عامر کے کیرئر کا 31 واں ٹیسٹ تھا جس کے دوران اُنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں اُنہوں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے بعد سے اپنی بہترین بالنگ کی۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ محمد عامر جب 100 فیصد فٹ ہوں تو اُن جیسا پیس اور سونگ بالر اور کوئی نہیں ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ عامر خاص طور پر بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف بہترین بالنگ کرتے ہیں اور لارڈز کے میدان میں اترنے والی انگلستان کی ٹیم میں تین لیفٹ ہینڈ بیٹسمین ہیں۔ ان میں ایلسٹر کُک، مارک سٹون مین اور ڈیوڈ ملان شامل ہیں۔

مکی آرتھر کہتے ہیں کہ محمد عامر اس لحاظ سے قدرے بدقسمت رہے ہیں کہ اُن کی بالنگ پر کئی بار کیچ ڈراپ ہوئے۔ تاہم، وہ لارڈز ٹیسٹ کے چیلنج کیلئے بالکل تیار، فٹ اور شدت سے منتظر ہیں۔

انگلستان کے خلاف ابھی پاکستانی کی حتمی ٹیم کا اعلان نہیں ہوا ہے اور خیال ہے کہ راحت علی اور حسن علی میں سے کوئی ایک پیس بالنگ میں اُن کا ساتھ دیں گے۔ لارڈز ٹیسٹ جمعرات سے شروع ہو رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG