کراچی ۔۔۔ سخی حسن چورنگی، نارتھ کراچی کی ایک مصروف شاہراہ سے جڑی ہے۔ شہر کے کئی بڑے اور اہم علاقوں کا ٹریفک یہیں سے ہوکر گزرتا ہے۔ بدھ کی صبح ہزاروں موٹر سائیکل سوار معمول کے مطابق یہاں سے گزرے۔ تاہم، ان میں سے درجنوں افراد کو چورنگی پر کھڑی ہوئی پولیس اور ٹریفک پولیس کی ’بھاری‘ نفری نے ’گھیر‘ لیا۔ تمام افراد کی جامع تلاشی لی جاتی رہی، موٹرسائیکل کے کاغذات اور لائسنس تک نکلوالئے گئے جبکہ متعدد افراد کو پولیس موبائل میں بیٹھا کر تھانے بھیج دیا گیا۔
ان سب کا ایک ہی جرم تھا۔۔۔ڈبل سواری۔ صوبائی انتظامیہ نے گزشتہ رات بارہ بجتے ہی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی تھی۔ لیکن بیشتر نوجوانوں نے اس پابندی کی خلاف ورزی کی اور پولیس کے ہاتھوں ’گھیر’ لئے گئے، حالانکہ منگل کو ہی اس پابندی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا۔
سخی حسن کے علاوہ بدھ کو شہر کے دیگر علاقوں میں بھی کچھ اسی طرح کے منظر دیکھنے کو ملے۔ یہی نہیں بلکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی صرف کراچی میں ہی نہیں لگائی گئی بلکہ سندھ کے 7 اضلاع میں منگل سات محرم سے ہفتہ 10 محرم تک ڈبل سواری پر پابندی رہے گی۔ ان اضلاع میں کراچی کے علاوہ سکھر، خیرپور، شکار پور، میرپور خاص، لاڑکانہ، جامشورو اور حیدرآباد شامل ہیں۔
دس محرم کو موبائل فون سروس معطل رہے گی
ڈبل سواری کے ساتھ ساتھ دس محرم یعنی ہفتے کو کراچی میں صبح 8بجے سے رات 8بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔صوبائی وزارت داخلہ نے وفاقی حکومت سے صوبے میں تین روز کے لئے موبائل سروس بند رکھنے کی سفارش کی تھی۔ تاہم، پابندی صرف دس محرم کوایک دن کے لئے عائد ہوگی۔
خفیہ کیمرے نصب
تیسری جانب شہر میں جگہ جگہ خفیہ اورسی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں جو 24گھنٹے کام کریں گے اور جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں پر نظر رکھیں گے۔ ایک اطلاع کے مطابق ہیلی کاپٹرز کے ذریعے دس محرم کو نکالے جانے والے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جاسکے۔
سابقہ سالوں کی طرح اس بار بھی گرومندر سے نمائش، صدر اور ایم اے جناح روڈ پر قائم تمام دکانوں کو جمعرات کی رات سے مکمل طور پر سیل کردیا جائے گا۔ ان علاقوں کی گلیوں کو بند رکھنے کے لئے دو تین دن پہلے سے ہی بڑے بڑے کنٹینر گلیوں اور شاہراوٴں کے کنارے رکھ دیئے ہیں۔ کل رات سے ہی ان کے ذریعے جلوس کے راستے میں آنے والی گلیوں اور شاہراوٴں کو سیل کردیا جائے گا جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی سڑک عبور کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔