اقوام متحدہ کی عورتوں کی تنظیم نے معروف پاکستانی سماجی کارکن اور مصورہ منیبہ مزاری کو پاکستان میں اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے۔
انھیں یہ اعزاز بھی حاصل ہوا ہے کہ وہ عالمی تنظیم کی تاریخ میں پہلی پاکستانی خاتون سفیر ہیں۔
یہ اعلان اسلام آباد میں ہونے والی اقوام متحدہ کی عورتوں کی تنظیم کی ایک تقریب میں کیا گیا جو 'صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف سرگرمیوں کے 16 دن' کے نام سے منسوب تھی۔
اس موقع پر 'وومن یو این پاکستان' کی طرف سے منیبہ مزاری کو پاکستان کی خیر سگالی سفیر کی شیلڈ پیش کی گئی۔
اقوام متحدہ کی عورتوں کی تنظیم صنفی مساوات اور خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے وقف ہے۔
یو این وومن پاکستان کے مطابق خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے اس اہم کردار میں منیبہ تنظیم کی صنفی مساوات کی مہم 'اسٹیب اٹ اپ فار جینڈر ایکولیٹی' کی وکالت کریں گی اور خواتین کو خود مختار بنانے کی دیگر مہمات کے فروغ کے لیے کام کریں گی۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کی عورتوں کی تنظیم کے نمائندہ جناب جمشید قاضی نے کہا کہ ''پاکستان کی پہلی خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے ہمیں منیبہ مزاری کی تقرری پر فخر ہے۔ وہ اس نئے کردار میں اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار کے فروغ اور پاکستان کے سینکڑوں ہزاروں مرد اور خواتین کے لیے متاثر کن قوت کے طور پر کام کریں گی''۔
منیبہ مزاری نے اس اعزاز کو وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ ''میں اقوام متحدہ کی عورتوں کی تنظیم کی مضبوط حمایتی ہوں اور ہم اسی طرح صنفی مساوات کو فروغ دے کر جنس کی بنیاد پر امتیازی سلوک کی تفریق کا خاتمہ کر سکیں گے اور 2030 ء تک اس خواب کو ایک زندہ حقیقت بنا سکیں گے''۔
انھوں نے کہا کہ ''یہی وقت ہےکہ عورتوں اور لڑکیوں کو با اختیار بنایا جائے کیونکہ جب آپ ایک عورت کو خود مختار بناتے ہیں تو ایک پوری نسل کو با اختیار بناتے ہیں''۔
صنفی بنیاد پر تشدد کےخاتمے کی مہم کی تقریب کےاختتام پراسلام آباد بلیو ایریا کی عمارت سعودی پاک ٹاور کو نارنجی روشنیوں سے روشن کیا گیا ۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کی عالمی مہم میں اورنج رنگ ایک روشن اور پر امید مستقبل کی عکاسی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جہاں عورتیں اور لڑکیاں تشدد اور امتیازی سلوک سے آزاد رہ سکتی ہیں۔
بالی وڈ کے معروف اداکار فرحان اختر جو اقوام متحدہ کی عورتوں کی تنظیم کی تاریخ میں خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے منتخب کیے جانے والے پہلے مرد ہیں۔
انھوں نے ایک ٹویٹ کے ذریعے منیبہ مزاری کو اقوام متحدہ کی پاکستان میں قومی سفیر بننے پرمبارکباد پیش کی ہے انھوں نے لکھا کہ ''اقوام متحدہ کے ایک خیر سگالی سفیر کی طرف سے جنوبی ایشیا کے خطے میں پلانٹ 5050 کے لیے کام کرنے پر دوسرے سفیر کی طرف سے دلی خوش آمدید ۔''
ستائیس سالہ منیبہ مزاری سات برس قبل ایک کار حادثے میں ریڑھ کی چوٹ کی وجہ سے ٹانگوں سے معذور ہیں. انھوں نے پاکستان میں عوام کی نمائندگی کی ہے اور خاص طور پر صنفی عدم مساوات اور عورتوں کے ساتھ امتیازی سلوک جیسے عورتوں کے مسائل کے لیے آواز بلند کی ہے۔
انھیں ملک کی تاریخ میں پہلی وہیل چیئر اینکر اور پہلی وہیل چیئر ماڈل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے وہ ایک انقلابی مقررہ کی حیثیت سے بھی مقبول ہیں۔