بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو حال ہی میں جنوبی ایشیائی خطےکے لیے اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ انھیں یہ اعزاز بھی حاصل ہوا ہے کہ وہ عالمی ادارے کی تاریخ میں پہلی ایشیائی خاتون ہیں جنھیں خیرسگالی سفیرکی حیثیت سے منتخب کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی عورتوں کی تنظیم صنفی مساوات اورخواتین کو با اختیار بنانے کے لیے وقف ہے۔ تنظیم کی جانب سے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کےموقع پر 28 سالہ ٹینیس کھلاڑی ثانیہ مرزا کو جنوبی ایشیا کے لیے اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر برائے خواتین مقرر کیا گیا۔
وومن تنظیم کے مطابق ثانیہ مرزا اقوام متحدہ کی خواتین تنظیم کی مہم میں شامل کی گئی ہیں جس کا مقصد خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ اور صنفی مساوات کے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے ثانیہ مرزا کی ذمہ داریوں میں جنوبی ایشیا میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کی مہم کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
ثانیہ مرزا کے ٹینس کیریئر کا آغاز 2003 میں ہوا۔ انھیں 2004 میں حکومت کی طرف سے ارجنا اعزاز سے نوازا گیا۔ ثانیہ بھارتی ریاست تلنگانہ کے لیے اعزازی سفیر مقرر کی گئی ہیں جب کہ انھیں سرکار کی طرف سے بھارت کے اعلی ترین اعزاز پدما شری سے بھی نوازا گیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی خیرسگالی سفیر مقرر ہونے پر ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ 'اقوام متحدہ کی خواتین کے ساتھ خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے خدمت انجام دینا میرے لیے ایک اعزاز ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین خود کو دوسرے درجے کی شہری تصور کرتی ہیں اور بعض مقامات پر لڑکیوں کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے جو ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سوچ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے وہ خواتین کے شعور کو اجاگر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
جنوبی ایشیا میں ثانیہ کو خواتین کی آواز بنانے کے اعزاز سونپنے کے حوالے سے اقوام متحدہ خواتین کی اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور عورتوں کی تنظیم کی ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر لکشمی پوری نے کہا کہ ثانیہ ایک کامیاب خاتون ہیں جو خواتین اور لڑکیوں کی نمائندگی کرتی ہیں اور اب وہ صنفی مساوات کی جدوجہد کی نمائندگی بھی کریں گی۔
ثانیہ بھارت کی کامیاب ترین ٹینس کھلاڑی ہیں۔ وہ ورلڈ ٹینس ایسوسی ایشن کے ٹاپ 50رینکنگ میں جگہ بنانے والی پہلی بھارتی ہیں۔ انھیں اکنامکس انڈیا کی طرف سے بھارت کی ان 33 خواتین میں شامل کیا گیا ہے جن پر بھارت کو فخر ہے۔
ثانیہ مرزا اور پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شعیب ملک 12 اپریل2010 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
اس سے قبل بھارتی فلموں کے اداکار، گلوکار اور فلمساز فرحان اختر کو بھی نومبر کے اوائل میں جنوبی ایشیا کے لیے عورتوں کی بین الاقوامی تنظیم کا خیر سگالی سفیر نامزد کیا گیا تھا۔
فرحان اختر کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ خواتین تنظیم کی تاریخ میں خیر سگالی سفیر کے طور پر منتخب کئے جانے والے پہلے مرد بھی ہیں۔ فرحان اختر عورتوں کی مہم 'ہی فار شی' کے لیے اقوام متحدہ کی خواتین کے وکیل کے طور پر کام کریں گے۔