رسائی کے لنکس

فیشن اور رنگوں کے ملاپ میں ’بن روئے‘ کا میوزک لانچ


ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی اسٹارکاسٹ کی طرح ’بن روئے‘ کے میوزک سے پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت کے بھی کئی بڑے نام جڑے ہیں۔ان میں راحت فتح علی خان، عابدہ پروین، شیراز اپل، انکت تیواڑی ریکھا بھردواج، ہرش دیپ کور اور وقار علی شامل ہیں

مدھر راگوں اور خوبصورت آوازوں سے بنائی گئی موسیقی کو اگر رنگوں اور روشنیوں کے میلے یعنی'فیشن شو' کے دوران ریلیز کیا جائے تو اسے سننے کے ساتھ ساتھ دیکھنے کا لطف بھی دوبالا ہو جاتا ہے۔

ہم فلمز اور ایم ڈی فلمز نے کراچی میں جاری ’برائیڈل کوچیور ویک 2015‘ کی آخری شام نئی پاکستانی فلم ’بن روئے‘ کا میوزک ریلیز کرکے اسے مزید یادگار بنا دیا۔

ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی اسٹارکاسٹ کی طرح ’بن روئے‘ کے میوزک سے پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت کے بھی کئی بڑے نام جڑے ہیں۔ان میں راحت فتح علی خان، عابدہ پروین، شیراز اپل، انکت تیواڑی ریکھا بھردواج، ہرش دیپ کور اور وقار علی شامل ہیں۔

’برائیڈل فیشن ویک‘ کے آخری دن پُرجوش شرکا کے سامنے ’بن روئے‘ کی کاسٹ کے لئے خاص طور پر ڈیزائن کردہ ملبوسات پہن کر فلم کے چار گانوں کی میڈلی (یعنی ملی جھلی میوزک ٹونز) پر فلم کی کاسٹ میں شامل ستاروں نے ریمپ واک کی اور بھرپور تعریفیں سمیٹیں۔

’بن روئے‘ کے چار گانوں ’بلے بلے‘، ’چن چڑھیا‘، ’تیرے بنا جینا‘ اور ’مولا مولا‘ کی میڈلی ریلیز کردی گئی ہے ،جبکہ فلم بقیہ میوزک 13جون کو دبئی میں ریلیز کیا جائے گا۔

ہم فلمز کی جانب سے وائس آف امریکہ کو جاری معلومات کے مطابق ’بلے بلے‘ کو کمپوز کیا اور گایا ہے۔ شیراز اپل اور بھارتی پلے بیک سنگر ہرش دیپ کور نے جبکہ اس کے بول شکیل سہیل نے لکھیں ہیں۔

’تیرے بنا جینا‘ کو استاد راحت فتح علی خان نے اپنی خوبصورت آواز میں گایا ہے اور ان کا ساتھ دیا ہے سلیما جاوید نے۔ گانے کا میوزک ساحرعلی بگا نے بنایا ہے جبکہ گانے کے لکھاری ہیں صابر ظفر۔

فلم کا تیسرا گانا ’چن چڑھیا‘ بھی صابر ظفر کے قلم کی تخلیق ہے جبکہ اسے گایا ہے ریکھا بھردواج اور مومن درانی نے۔ ’چن چڑھیا‘ کا میوزک شانی ارشد نے ترتیب دیا ہے۔

’بن روئے‘ کا میوزک یوں بھی منفرد ہے کہ اس میں ایک گانا صوفی میوزک کوئن عابدہ پروین کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

صوفی ٹریک’مولا مولا‘ میں عابدہ پروین کا ساتھ دیا ہے زیب بنگش نے۔میوزک شانی ارشد کا ہے اور گانے کے بول صابر ظفر نے لکھے ہیں۔

بالی وڈ کے ہٹ نمبر ’تو ہے کہ نہیں‘ سے شہرت کے مزید زینے طے کرنے والے انکت تیواڑی نے وقار علی کی دھن پر صابر ظفر کے لکھے گانے ’اویارا‘ کو اپنے مخصوص انداز میں گایا ہے۔

XS
SM
MD
LG