رسائی کے لنکس

مسک سے ٹوئٹر  معاہدے کے لیے 7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ارب پتی امریکی شخصیت ایلون مسک کی ٹوئٹر میں سرمایہ کاری کئی دیگر ارب پتی شخصیات کی جانب سے 7 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے وعدوں کے بعد مستحکم ہو گئی ہے۔ مسک نے حالیہ دنوں میں سماجی رابطوں کی سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر کی خرید کے لیے 44 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔

ٹوئٹر میں سرمایہ لگانے کا وعدے کرنے والوں میں سلی کان ویلی کی اہم شخصیت اور اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن بھی شامل ہیں۔

امریکہ کے سیکیورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن کے مطابق دیگر سرمایہ کاروں میں سکویا کیپیٹل فنڈ نے 80 کروڑ ڈالر اور وی کیپیٹل نے 70 کروڑ ڈالر کے وعدے کیے ہیں۔

اوریکل کے شریک بانی ایلیسن نے، جو مسک کی الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے بورڈ کے رکن بھی ہیں، اب تک سب سے زیادہ سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر مہیا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

مسک کی مدد کے لیے سعودی شہزادہ الوحید بن طلال بن عبدالعزیز السعود نے بھی ٹوئٹر کے ساڑھے تین کروڑ حصص کا وعدہ کیا ہے۔

اس سے قبل مسک نے اپنی مالیاتی سرگرمیوں کی رپورٹ میں ایک سرکاری ادارے کو بتایا تھا کہ اس نےٹوئٹر کی خرید کے لیے ٹیسلا کے ساڑھے 8 ارب ڈالر مالیت کے شیئر فروخت کیے ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ کمپنی کے مزید شیئرز کی فروخت کا ارادہ نہیں رکھتے، جس کا مطلب یہ تھا کہ وہ ٹوئٹر کی خرید کے 44 ارب ڈالر معاہدے کو پورا کرنے کے لیے بیرونی ذرائع سے سرمایہ حاصل کریں گے۔

سیکیورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن میں رپورٹ کیے جانے والی دستاویزات کے مطابق مسک سیکیورٹیز کے عوض حاصل کیے گئے ساڑھے 12 ارب ڈالر کے قرضوں میں نصف کی کمی کریں گے۔ جس کے بعد اس سودے کے لیے 27 ارب 25 کروڑ ڈالر نقدی اور ایکویٹی کی شکل میں ادا کیا جائے گا، جب کہ اس سے قبل یہ رقم 21 ارب ڈالر تھی۔

جمعرات کو داخل کرائی جانے والی دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسک دیگر پارٹیوں کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں جن میں ٹوئٹر کے سابق سی ای او جیک ڈورسی بھی شامل ہیں جو مسک کے بعد کمپنی کے دوسرے سب سے بڑے انفرادی اسٹیک ہولڈر ہیں۔

پاکستانی ٹوئٹر پر کتنے متحرک ہیں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:26 0:00

سرمایہ کاری امور سے متعلق ایک کمپنی ویڈبش کے تجزیہ کار ڈین لویس کا کہنا ہے کہ یہ مسک کی جانب سے مالیاتی اور سٹریٹیجک معاملات میں ایک ہنرمندانہ اقدام ہے جسے بورڈ کے ارکان کی جانب سے بہتر پذیرائی ملے گی اور اس کے نتیجے میں اب ٹوئٹر سےکیے جانے والے معاہدے کو اس سال کے آخر تک مکمل کرنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

مسک کی جانب سے ٹوئٹر نے شیئرز کی قیمت 54 اعشاریہ 20 ڈالر مقرر کی گئی ہے لیکن حصص کی مارکیٹ میں اس کی قیمت بدستور کم ہے کیونکہ وال سٹریٹ میں اس کے بارے میں شکوک و شہبات پائے جاتے ہیں آیا یہ معاہدہ تکمیل پا سکے گا۔

سان فرانسسکو میں قائم اس کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں پیر کو حصص مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر 2 فی صد اضافہ ہوا جس کے بعد وہ 50 ڈالر 10 سینٹ کا ہو گیا۔

XS
SM
MD
LG