کرسمس خوشیوں کا ایک تہوار ہے اور اس خوشی کو اسی صورت دوبالا کیا جا سکتا ہے کہ اس میں اپنے ان پڑوسیوں کو بھی شامل کیا جائے، جو استطاعت نہیں رکھتے۔ امریکہ میں قائم درجنوں اسلامک سنٹرز ایسے موقع پر اپنے پڑوسیوں کی خوشیوں میں شامل ہونے کے لئے کچھ منفرد کرتے ہیں۔ ایک ایسا ہی پروگرام نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں منعقد کیا گیا۔
لانگ آئی لینڈ گرچہ نیویارک کا پوش علاقہ تصو کیا جاتا ہے، لیکن یہاں کئی پسماندہ علاقے بھی ہیں جہاں بسنے والوں کی اوسط سالانہ آمدن کچھ زیادہ نہیں۔
’اسلامک سنٹر آف لانگ آئی لینڈ‘ کے رضاکار اس سال بھی کرسمس کے موقع پر تحفے تحائف، گروسری کا سامان اور سردیوں سے بچاؤ کے لئے کمبل اور دیگر گرم کپٹروں کا ٹرک لے کر قریبی ویسٹ بری یونائیٹڈ میتھوڈسٹ چرچ پہنچے اور ان کی کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔ لوگوں میں کرسمس فوڈ اور تحائف تقسیم کیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
اسلامک سنٹر کے ڈائریکٹر، حبیب احمد کا کہنا تھا کہ ’’کمیونٹی کے لئے خدمات انجام دینا ہمارا دینی اور معاشرتی فریضہ ہے‘‘۔
بقول حبیب احمد، میتھوڈسٹ چرچ کے ساتھ ہم یہ تین سال سے کر رہے ہیں۔ اس میں کھانے کا اہتمام ہوتا ہے۔ تحفے تحائف دئے جاتے ہیں۔ ہماری کمیونٹی اور ہمارے اسکول کے بچوں نے پیسے جمع کرکے یہ تحفے خریدے ہیں۔ چرچ کے ان بچوں کے لئے اور کمبل خریدے ہیں غریبوں کے لئے، تاکہ بھائی چارگی بڑھے اور اس کا نتیجہ نکل رہا ہے کہ لوگ ایک دوسرے سے خلوص سے مل رہے ہیں۔
تقریب میں 200 سے زائد بچوں اور ان کے خاندان میں تحائف اور ضرورت کی اشیاء تقسیم کی گئیں، جنھیں تقسیم کرنے کی ذمہ داری درجن بھر سے زائد مسلم رضاکار نے لی تھی۔ چرچ کی ایک عہدیدار روز واکر کہتی ہیں کہ کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کرنے والے یہ مسلمان ان کے دیرینہ دوست ہیں۔
بقول اُن کے، ’’یہ لوگ میرے دیرینہ دوست ہیں۔ ان کے ساتھ شراکت داری سے ہمیں مسرت ہوتی ہے۔ ان لوگوں کی یہاں موجودگی سے ہماری یہ تقریب زیادہ پر مسرت ہوگئی ہے‘‘۔
ویسٹ بری میتھوڈسٹ چرچ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن اور ویسٹ بیری ویلج کے ٹرسٹی، بومائن جیفرسن کا کہنا تھا کہ ان کا علاقہ کثیر الجہتی کمیونٹی پر مشتمل ہے جہاں ایک دوسرے کا احترام ضروری ہے۔
بقول ان کے، ’’آج ہمارے مسلمان پڑوسی ہماری مدد کر رہے ہیں۔ کھانا فراہم کررہے ہیں۔ انتظامات اور صفائی ستھرائی میں ہاتھ بٹارہے ہیں۔ ان کے ساتھ شراکت داری سے خوشی ہوتی ہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ ہم ویسٹ بیری کاؤنٹی کی کثیر الجہتی کمیونٹی ہیں۔ ہم اپنے مسلمان پڑوسیوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ تمام عقائد کا احترام کرتے ہیں اور ہر ایک کمیونٹی سے شراکت داری کی خواہش رکھتے ہیں۔ اس طرح کے مشترکہ پروگرام سے مختلف کمیونٹیز کے درمیان مکالمے کا موقع ملتا ہے اور وہ ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔ یہ تعطیلات ہیں خواہ مسلم تعطیلات ہوں یا کرسچن تعطیلات۔ ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے اور باہمی مل کر شراکت داری کے ساتھ ایک دوسرے کے کام آنا چاہئے۔
نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں اسلامک سینٹر اف لانگ آئی لینڈ مسلم کمیونٹی کا نہایت متحرک مرکز ہے جہاں عبادات کے لئے مرکزی مسجد کے علاوہ لائبریری، کانفرنس ہال، اسپورٹس سنٹر سمیت سب ہی کچھ موجود ہے، جو بلا امتیاز تمام اہل علاقہ کے لئے ہے۔ شائد اسی لئے یہ سنٹر علاقے کا ایک سیاسی مرکز بھی ہے، جہاں مدعو کیئے جانے کی خواہش ہر پارٹی کے امیدواروں کے دلوں میں رچتی بستی ہے اور علاقے میں فلاحی کام بھی اس کے وقار میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔