رسائی کے لنکس

مصطفیٰ کمال کا ایم کیو ایم پر ’’پابندی‘‘ کا مطالبہ


مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ”ایم کیو ایم کے کسی ملک کی خفیہ تنظیم سے رابطے کی باتیں اگر پانچ فیصد بھی درست ہیں تو اسے آزادی کے ساتھ کام کرنے کیوں دیا جا رہا ہے۔ ایسی تنظیم پر تو فوری پابندی لگا دینی چاہیئے“

’پاک سرزمین پارٹی‘ کے رہنما، مصطفیٰ کمال نے متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ انہوں نے جمعرات کی شام اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ”ایم کیو ایم کے کسی ملک کی خفیہ تنظیم سے رابطے کی باتیں اگر پانچ فیصد بھی درست ہیں، تو اسے آزادی کے ساتھ کام کرنے کیوں دیا جا رہا ہے۔ ایسی تنظیم پر تو فوری پابندی لگا دینی چاہیئے۔“

مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ از خود الطاف حسین اسکاٹ لینڈ یارڈ کے سامنے غیر ملکی خفیہ ایجنسی سے تعلقات کا اعتراف کرچکے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان اپنا مؤقف پیش کرے‘‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’سابق برطانوی سفیر بھی ایم کیو ایم کے خفیہ ادارے سے تعلقات کی تصدیق کرچکے ہیں اس پر ریاست پاکستان اور اداروں کو بھی کوئی رخ اختیار کرنا پڑے گا‘‘۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ، رحمٰن ملک کو برطانوی حکومت نے اس حوالے سے بریفنگ بھی دی تھی، جس کے بعد، رحمٰن ملک نے ایم کیو ایم رہنماوٴں کو بھی اس حوالے سے آگاہ کیا تھا۔ ’’اس بریفننگ میں، میں بھی موجود تھا اور اس میٹنگ سے متعلق ہم نے اپنی پریس کانفرنس میں دبئی میں ہونے والی میٹنگ کا بھی حوالہ دیا تھا‘‘۔

XS
SM
MD
LG