رسائی کے لنکس

آصف زرداری کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل


سابق صدر آصف علی زرداری (فائل فوٹو)
سابق صدر آصف علی زرداری (فائل فوٹو)

قومی احتساب بیورو نے پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف غیرقانونی اثاثہ جات کیس میں ان کی بریت کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

نیب نے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ میں اپیل دائر کی ہے جس میں نیب کا کہنا ہے کہ بریت کی درخواست پر ٹرائل کورٹ نے قانونی تقاضے پورے نہیں کئے، سابق صدر آصف زرداری کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ نیب کے پاس آصف زرداری کے خلاف22 ہزارتصدیق شدہ دستاویزات موجودہیں۔ یہ دستاویزات آصف زرداری کی آف شورکمپنیوں، سرے محل اور بینک اکاؤنٹس سے متعلق ہیں احتساب عدالت نے سرسری سماعت کے نتیجے میں بری کرکے غلط مثال قائم کی۔

درخواست میں نیب کا موقف ہے کہ احتساب عدالت نے اہم ریکارڈ پیش نہیں کرنےدیا اور مقدمے کے اہم گواہوں کونظراندازکیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ راول پنڈی بینچ میں دائر ہونے والی اس درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آصف علی زرداری کے کیس کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے اور ان کی بریت کالعدم قرار دی جائے۔

امکان ہے کہ نیب کی اپیل پر سماعت آئندہ ہفتے کے دوران شروع ہوجائے گی۔

آصف علی زرداری کو نیب کے اثاثہ جات ریفرنس میں احتساب عدالت نے بری کردیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نیب کی جانب سے غیرتصدیق شدہ دستاویزات پیش کی گئی تھیں جن کی موجودگی میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکتی۔

XS
SM
MD
LG