امریکی خلائی ادارے 'ناسا' کی جانب سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی طرف بھیجا جانے والا ایک راکٹ لانچنگ کے چند سیکنڈز بعد ہی تباہ ہوگیا ہے۔
'ناسا' کے مطابق راکٹ پر کوئی خلاباز سوار نہیں تھا اور وہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے سامان لے کر جارہا تھا۔
راکٹ کو منگل کی شام امریکی ریاست ورجینیا کے ساحل پر واقع 'والپس فلائٹ فیسیلیٹی' نامی مرکز سے لانچ کیا گیا تھا جو فضا میں بلند ہونے کے چند سیکنڈ بعد ہی دھماکے سے تباہ ہوگیا۔
'ناسا' کے مطابق 14 منزلہ راکٹ نجی کمپنی 'اوربیٹل سائنسز کارپوریشن' نے تیار کیا تھا اور یہی کمپنی اس کی لانچنگ کی ذمہ دار تھی۔
'انتاریس' راکٹ کو پیر کو خلا کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن لانچنگ پیڈ کے نزدیک سمندر میں ممنوعہ قرار دیے جانے والے علاقے میں ایک کشتی کی موجودگی کے باعث اس کی روانگی منگل کی شام تک ملتوی کردی گئی تھی۔
'ناسا' کا کہنا ہے کہ تاحال حادثے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا ہے۔