اسلام آباد: فیض آباد انٹرچینج بدستور بند
اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے محمد جلیل کے مطابق مظاہرین مسلسل دوسرے روز بھی راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے فیض آباد انٹرچینج پر موجود ہیں جس کے باعث جڑواں شہروں کے درمیان ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔
اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جب کہ انتظامیہ نے ڈپلومیٹک انکلیو اور ریڈ زون کی جانب جانے والے راستوں کو کنٹینر رکھ کر بند کردیا ہے۔
کراچی سے وائس آف امریکہ کے نمائندے محمد ثاقب نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز احتجاج سے متاثر ہونے والے شہر کے بیشتر علاقوں میں معمولاتِ زندگی تاحال معطل ہیں اور کاروباری مراکز بند ہونے سے کئی علاقوں میں ہڑتال کا سا سماں ہے۔
امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر سندھ حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 122 کے تحت موٹر سائیکل کی سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔
احتجاج کے پیشِ نظر پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں جمعرات کو ایک دن کی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ صوبہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی تمام نجی اسکول بند ہیں۔ سندھ اور خیبر پختونخوا کے سرکاری تعلیمی اداروں میں حاضری معمول سے کم ہے۔