رسائی کے لنکس

نیٹو کے فضائی حملے میں آٹھ جنگجو ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان کے صوبہ کندوز میں نیٹو کی فضائی کارروائی میں ایک اہم طالبان کمانڈر سمیت آٹھ جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔

نیٹو کے ایک تازہ بیان اور افغان عہدیداروں کے مطابق حملہ ہفتے کے روز شمالی علاقے چہاردرہ میں اس وقت کیا گیا جب شدت پسند ایک غیر آباد مقام پر جمع تھے۔

اس واقعہ میں دو طالبان جنگجو زخمی بھی ہوئے جن کو اِن کا ایک ساتھی مقامی ہسپتال لے گیا جہاں تینوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ہلاک ہونے والا طالبان کمانڈر ہتھیاروں کی سمگلنگ میں بھی ملوث رہا ہے۔

دریں اثنا نیٹو کا کہنا ہے کہ ہفتے کو مشرقی اور جنوبی افغانستان میں شدت پسندوں کی جانب سے نصب کیے گئے دیسی ساختہ بم پھٹنے کے مختلف واقعات میں بین ا لاقوامی افواج کے چھ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

جون کا مہینہ افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کوہونے والے جانی نقصانات کے لحاظ سے سب سے زیادہ ہلاکت خیز رہا ہے اور رواں ماہ اب تک 90 سے زائد غیر ملکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 54 کا تعلق امریکہ سے ہے۔

واضح رہے کہ امریکی افواج ان دنوں جنوبی صوبے قندھار میں ایک بڑے آپریشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں جب کہ رواں ہفتے جنرل اسٹینلی میک کرسٹل کے استعفیٰ کے بعد افغانستان میں مقرر کیے جانے والے کمانڈنگ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے ابھی تک اپنی ذمہ داریاں نہیں سنبھالی ہیں۔

XS
SM
MD
LG