پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کیلیے سامان لے جانے والے ایک قافلے پر طالبان جنگجووں کے حملے میں ایک فرد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق واقعہ پاک-افغان سرحد کے نزدیک واقع قبائلی علاقے خیبرایجنسی میں بدھ کی صبح پیش آیا جب نامعلوم جنگجووں نے نیٹو افواج کیلیے سامان لے جانے والے ٹرکوں کے ایک قافلے پر حملہ کردیا۔ واقعہ میں ایک ٹرک ڈرائیور ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کو درکار سامان کا لگ بھگ 70 فی صد پاکستان کے راستے سپلائی کیا جاتا ہے۔ رواں سال ستمبر میں نیٹو ہیلی کاپٹروں کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کےبعد پاکستان نے یہ سپلائی لائن 11 روز تک بند رکھی تھی جسے بعد ازاں امریکی اور نیٹو حکام کی جانب سے باقاعدہ معافی مانگے جانے کے بعد بحال کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ حالیہ کچھ روز کے دوران پاکستانی قبائلی علاقے میں امریکی ڈرون طیاروں کی جانب سے کیے جانے والے میزائل حملوں کی تعداد میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
علاقے میں منگل کے روز کیے گئے پہ در پہ کئی ڈرون حملوں میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔