رسائی کے لنکس

نیٹو کا روس پر یوکرین کی سرحد کی خلاف ورزی کا الزام


نیٹو، یوکرین
نیٹو، یوکرین

نیٹو سکریٹری جنرل نے پیر کے روز برسلز میں کہا کہ یوکرین کے اندر اور قرب و جوار میں روسی فوج کی کافی تعداد میں تعیناتی کی گئی ہے، ساتھ ہی، وہ شدت پسند علیحدگی پسندوں کو بڑی تعداد میں جدید روسی ہتھیار، آلات حرب اور فوجی اہل کار منتقل کر رہا ہے

نیٹو کے سربراہ نے روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ ملنے والی سرحد کی حرمت کی دھجیاں اڑا رہا ہے، جس سے ایک ہی روز قبل کئیف نے روس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ انسانی ہمدردی کے نام پر مشرقی یوکرین کے علیحدگی پسندوں کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔

نیٹو کے سکریٹری جنرل، جینز اسٹوٹن برگ نے پیر کے روز برسلز میں کہا کہ یوکرین کے اندر اور قرب و جوار میں روسی فوج کی کافی تعداد میں تعیناتی کی گئی ہے، ساتھ ہی، وہ شدت پسند علیحدگی پسندوں کو بڑی تعداد میں جدید روسی ہتھیار، آلات حرب اور فوجی اہل کار منتقل کر رہا ہے۔

یوکرین کے اہل کاروں نے اتوار کے روز کہا تھا کہ یوکرین کی اجازت کے بغیر، 106 موٹر گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ روس سے یوکرین میں داخل ہوا ہے۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ یہ قافلہ مشرقی یوکرین کے شہریوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر روانہ کی جانے والی اشیاٴپر مشتمل تھا۔

یوکرین کے فوجی ترجمان، آندرے لائسنکو نے اتوار کے روز بتایا کہ روس سے پہنچنے والا سامان زیادہ تر گولہ بارود اور ہتھیار ہوتا ہے، جو باغیوں کے ہاتھ چڑھ جاتا ہے۔

لائسنکو نے پیر کے دِن کہا ہے کہ دونیسک ایئرپورٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے علیحدگی پسند فورسز کے ساتھ چِھڑنے والی نئی لڑائی میں یوکرین کے کم از کم تین فوجی ہلاک جب کہ 14 زخمی ہوئے۔

اُنھوں نے دعویٰ کیا کہ روس کی خصوصی افواج باغیوں کے لشکر کے ساتھ لڑائی میں شامل تھیں۔ تاہم، اُن کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ اب بھی یوکرین کے فوجی کنٹرول میں ہے۔

نیٹو کے سربراہ نے کہا ہے کہ روس کے جارحانہ اقدام کے باعث یورپ اور بحر اوقیانوس کے ملکوں کی سلامتی خطرے میں ہے۔

اِس سلسلے میں، اُنھوں نے یورپ کے گِرد اور اِس سے آگے جاری روسی فوجی کارروائیوں میں کیے جانے والے ’اہم اضافے‘ کا حوالہ دیا۔

برطانیہ نے پیر کے روز اِس بات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا، جس کا سبب، بقول اُس کے، لڑاکا روسی طیاروں کا اُس کی فضائی حدود کے اندر جارحانہ نوعیت کی تانک جھانک ہے۔

XS
SM
MD
LG