مشرقی نیپال میں ایک نو عمر لڑکی نے عالمی فٹبال کپ کے سیمی فائنل میچ میں پرازیل کی شکست پر دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی۔
پولیس کے مطابق دسویں جماعت کی طالبہ برازیل کی جرمنی سے شکست پر افسردہ تھی اور بد ھ کی صبح اس نے اپنے آپ کو چھت سے لٹکا کر خود کشی کر لی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ دارالحکومت کھٹمنڈو سے 400 کلومیٹر مشرق میں بھارال نامی گاؤں میں پیش آیا۔
نو عمر لڑکی کا نام پراگیا تھاپا بتایا جاتا ہے اور اس کی موت کی اطلاع اس کی ماں نے دی جس نے اسے چھت سے لٹکے ہوئے دیکھا۔
یہ لڑکی گاؤں میں اپنی ماں اور دادا، دادی کے ساتھ رہ رہی تھی اور اس کے والد ملک سے باہر ہیں۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔
برازیل کی ٹیم منگل کو عالمی فٹبال کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں جرمنی سے ایک کے مقابلے میں سات گول سے ہار گئی تھی۔